• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں مقابلہ زرداری سے، لاہور میں شہباز باہر آئے تو برا ہوگا، عمران خان

سندھ میں مقابلہ زرداری سے، لاہور میں شہباز باہر آئے تو برا ہوگا، عمران خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ بار بار باریاں لینے والوں کو انتخابات میں مسترد کرناہوگا،سندھ میں ہمارا مقابلہ آصف زرداری کی پیپلز پارٹی سے ہے یہ لوگ دس سال میں کچھ نہ کرسکے اگلے پانچ سال میں کیا کریں گے ‘ لاہور میں جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھ لیا ‘بارش کے پانی میں عوام کا اربوں روپیہ بہہ گیا اب اس کا حساب کون دے گا‘ مون سون کی پہلی بارش نے لاہور کا یہ حال کردیاتو آگے کیا ہوگا ‘پیرس میں بارش سے سڑکیں نہیں ڈوبتیں‘اب اگرشہبازشریف باہر نکلے تو عوام ان کے ساتھ بہت براکریں گے‘نون لیگ اورباقی جماعتوں کی لیڈر شپ جانتی ہے کہ منی لانڈرنگ کا اربوں روپیہ باہر کیسے گیا‘ملک کوقرضوں سے نکالنا چاہتا ہوں ، پانی کا مسئلہ شدت اختیارکرچکا ہےاگر اس مسئلے کو کنٹرول نہیں کیا گیا توملک ریگستان بن جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور‘کراچی میں میڈیاسے گفتگو اور شہرقائد میں مختلف انتخابی حلقوں کے دورے کے موقع پرانتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ائیر پورٹ پرگفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ نون لیگ کی لیڈرشپ کے محلات کے حوالے سے ان کے صرف دوسوالات کا جواب دیا جائے کہ ان کا اربوں روپیہ ملک سےباہر کیسےگیا اورمنی لانڈرنگ کس نے کی ۔ انہوں نے کہاکہ اس دفعہ عوام نظریات کوووٹ دے ‘ علاوہ ازیں ائیرپورٹ پرپی ٹی آئی کارکنان کی صحافیوں سے بدسلوکی پر صحافیوں نے احتجاج کیا جس کے سبب عمران خان کا قافلہ روک دیاگیا اس دوران عمران خان گاڑی سے اتر کر آئے اور صحافیوں سے معذرت کی جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا ۔کراچی آمد کے بعد عمران خان نے فکس اٹ کے تحت بے سہارا بچوں کے لیے بنائے گئے گھرکا سنگ بنیاد رکھا‘ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ عوام کی بنیادی ضروریات انصاف پر مبنی ہیں، کوئی بھی ایک سوراخ سے ڈسا نہیں جائیگا،یورپ میں کتوں کو بھی پوچھا جاتا ہے جب کہ ہمارے ہاں انسانوں کا بھی کوئی والی وارث نہیں‘بعدازاں وہ اپنے حلقہ انتخاب این اے 243 کے علاوہ تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں ڈاکٹرعامرلیاقت ‘علی زیدی، سیف الرحمن کے انتخابی حلقوں این اے 242,244, کے دورے پرروانہ ہوگئے این اے 242کے علاقے ایوب گوٹھ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لاہور میں جو کچھ ہوا، وہ سب نے دیکھ لیا۔آج شہباز شریف کے وینس کو آنکھوں سے دیکھ لیا۔ میٹرو اور اورنج ٹرین ہر سال اربوں روپے کا خسارہ کرے گی۔ شہباز شریف کا ترقی یافتہ لاہور آج سب کے سامنے ہے۔ کراچی کے مسئلے اس لیے ہیں کہ تیس سال سے باریاں لینے والوں نے مستقبل کا کبھی نہیں سوچا۔ قبل ازیں عمران خان نے لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش میں نشیبی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے شہباز شریف کا پیرس‘پیرس میں بارش ہوتو سڑکیں پانی میں نہیں ڈوبتیں،شریف خاندان نے سارا پیسہ رائے ونڈ میں لگا دیا ،قوم نے دیکھ لیا ہے کہ ٹوپی اور لمبے بوٹ پہن کر نکلنا صرف ڈرامہ تھا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکشمی چوک اور جی پی او چوک کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے لکشمی چوک میں گاڑی سے نیچے اتر کر بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے پیسہ دیانتداری سے خرچ کیا ہوتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی‘اب اگر شہباز شریف باہر نکلے توعوام کے غم وغصے کا نشانہ بن جائینگے۔انتخابی حلقوں کے دورے کے دوران ابوا لحسن اصفہانی روڈ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہاکہ آپ کو مبارک ہو 25 جولائی ملک کی تاریخ کا اہم موڑ آنے والا ہے‘بار بار باریاں لینے والے آپ کے حالات نہیں بدل سکتے‘ ان چلے ہوئے کارتوسوں نے پاکستان کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے‘ جوہر چورنگی پرخطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ جب تک کراچی اوپر نہیں جاتا تب تک پاکستان اوپر نہیں جائیگا اس شہر کو جب تھوڑی سی بھی ٹھنڈ لگتی ہے پاکستان کو زکام ہوجاتا ہے‘آپ لوگوں کے لئے سمندر کے پانی کو پینے کے قابل بنائیں گے‘کوڑے کرکٹ کو بجلی میں تبدیل کریں گے۔پیراڈائز بیکری پر انتخابی جلسے اور استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ پچیس جولائی کو پاکستان کا فیصلہ ہوگا اور لمبی اندھیری رات ختم ہوگی‘پچیس جولائی کو بڑے مگر مچھوں کو دفن کرینگے‘پی ٹی آئی کے سات سو امیدوار ہیں جو دونمبری کرےگا اسکو جیل میں ڈالوں گا۔

تازہ ترین