• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک زمبابوے سیریز کا کل سے آغاز، میچ میں ٹاس اہم قرار

پاک زمبابوے سیریز کا کل سے آغاز، میچ میں ٹاس اہم قرار

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے کل بلاویو میں کھیلا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ،کل ہونے والے پہلے ون ڈے سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے آج ہلکی پھلکی ٹریننگ میں حصہ لیا ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات کی صبح ہرارے سے بلاویو پہنچی۔ لاجسٹک مسائل کے باعث پاکستان ٹیم کو سہ ملکی سیریز کے بعد ہرارے میں ہی قیام کرنا پڑاتاہم بلاویو پہنچنے پر کھلاڑیوں نے آرام کیا اور پھر ٹریننگ کے لئے میدان کا رخ کیا۔

ٹیم مینجمنٹ نے بھرپور ٹریننگ کی بجائے ہلکی پھلکی ٹریننگ کو ترجیح دی تاہم ٹریننگ میں تمام کھلاڑیوں نے حصہ لیااور ان کی انفرادی اسکلز کے اوپر کام کیا گیا ۔

اس سے قبل بلاویوپہنچنے پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد صبح سویرے ون ڈے میچ شروع ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا اور کہا کہ میچ یہاں کے وقت کے مطابق صبح سوا نو بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس صبح پونے نو بجے ہوگا، یہاں سردیوں کا موسم ہے اس لئے ٹاس کی بہت اہمیت ہےاور ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکل میں گھر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاداب خان کی موجودگی میں ایک اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرکے ہم انہیں ورلڈ کپ کے لئے آزمانا چاہتے ہیں، یاسر شاہ کو پانچ میں سے کم از کم دو میچ کھلائے جائیں گےکیونکہ پہلے ہم سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہتے ہیں بعد میں روٹیشن پالیسی کے تحت سب کو موقع دیں گے۔

سرفراز نے بتایا کہ زمبابوے آسان نہیں ہے اس لئےہم کلین سوئپ کا دعویٰ کرنے کے بجائے میچ بائی میچ جانا چاہتے ہیں، ابتدائی 3 میچوں میں اگر کامیابی مل گئی تو سیریز جیت کر مختلف کمبی نشین آزمائیں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے پاس تین اوپنرز امام الحق،محمد حفیظ اور فخر زمان ہیں ہم تینوں کو آزمائیں گےجبکہ حفیظ سے بولنگ کا بھی فائدہ ہےاور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کسی میچ میں پاکستان تینوں اوپنر حفیظ، فخر اور امام کو بھی کھلائےتاہم ٹیم میںح فیظ ،یاسر شاہ اور جنید خان کو جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے کل سے شروع ہونے والی سیریز کا پہلا میچ دوپہرسوا 12 بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا ون ڈے 16 جولائی، تیسرا 18 جولائی، چوتھا 20 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 22 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین