• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی ڈائری: نوازشریف نے پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل کر رکھ دی

سیاسی ڈائری:نوازشریف نے پاکستان کی سیاسی تاریخ  بدل کر رکھ دی

اسلام آباد(محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) نوازشریف کا اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ ایسے ماحول میں وطن واپس آنا جب سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز اسپتال میں بدستور زندگی کےلئے جنگ آزما ہیں اور پاکستان میں جیل کی سلاخیں ان کی منتظر ہیں اپنے اس فیصلے سے نوازشریف نے پاکستان کی سیاسی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا ہے اور ان کے مخالف ہل کر رہ گئے ہیں یہ درست ہے کہ نوازشریف کا یہ جرات مندانہ فیصلہ سراسر سیاسی اہمیت کا حامل ہے تاہم اس کےلئے جن اصولوں کی پاسداری اور جس نصب العین کی سربلندی کو مطمح نظر بنایا گیا ہے وہ اسے ان باتوں سے ماوریٰ بنا دیتا ہے انتظامیہ نے نوازشریف کے خیرمقدم کے تاثر کو کم کرنے کےلئے ہر استبدادی ہتھکنڈہ استعمال کرڈالا ہے اور یوں معلوم ہوتا ہے کہ نوازشریف کے خلاف دشمن کی سپاہ میدان میں اتر آئی ہے جو بے پرواہ ہوکر پاکستان مسلم لیگ نون کے طرفداروں کی پکڑ دھکڑ میں مصروف ہے ملک میں پیش آمدہ عام انتخابات کے تناظر میں نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم کا فیصلہ اپنا نقش ثابت کرے گا۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے حریف بھی تسلیم کرتے ہیں کہ احتساب کی متنازع عدالت نوازشریف کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کرسکی اس کے باوصف نواز شریف ، ان کی صاحبزادی اور داماد کو پابند سلاسل بنادیا گیا ہے۔ ملکی قانون کے پیش نظر یہ فیصلہ غلطیوں سے اٹا ہے اس کے میزان میں جھول ہے اوراسے کسی طورپر منصفانہ قرارنہیں دیا جاسکتا۔ پاکستان مسلم لیگ نون نے اس فیصلے کو بین الاقوامی ماہرین آئین و قانون کو بھی ارسال کررکھا ہے جنہوں نے اپنے جائزے ارسال کرنا شروع کردئیے ہیں وہ بھی اس نتیجے پر پہنچ رہے ہیں کہ پاکستان کی احتساب عدالت کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ نواز شریف کے مخالفین بڑی ڈھٹائی سے ان پر پے درپے الزامات عائد کئے جارہے ہیں حالانکہ ان کے پاس الزامات کا سرے سے کوئی ثبوت ہی موجودنہیں ہے کارکردگی کی میزان پر تولا جائے تو نوازشریف نے ماضی قریب کے تمام حکمرانوں جن میں بعض مطلق العنان بھی شامل ہیں ان سے کہیں بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ انہیں خاطر خواہ موقع ملتا تووہ محض پانچ سال کے عرصے میں پاکستان کوغیر معمولی رنگ وروپ دے سکتے تھے ان کی راہ میں روز اول سے ہی کانٹے بچھائے گئے اس کے باوجود ان کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے نوازشریف کے مخالفین جس قدر چاہے پروپگینڈہ کرلیں اور اپنے پھریرے لہرا لہرا کر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کریں عوام اس صبح کا بے تابی سے انتظار کرہے ہیں جب وہ اپنے ہاتھ سے مہرلگا کر درشنی پہلوانوں کا صفایاکریں گے۔ نوازشریف کا خیرمقدم کرنےکےلئے تیاریاں نکتہ عروج پر پہنچ چکی ہیں جمعرات کی سہ پہر سے گرفتاریوں کا لامتناہی سلسلہ شروع کردیاگیاہے جو آئندہ ہفتے کی صبح تک جاری رہے گا گرفتاریاں کرتے ہوئے بڑی بے دردی اور بے رحمی سے کام لیا جارہا ہے۔ ان تمام تر ہتھکنڈوں کی موجودگی میں بھی نوازشریف کے فقیدالمثال استقبال کو روکناممکن نہیں ہوگا۔ ملک عزیز کی تاریخ میں اکثر ہوا ہے کہ سزایاب افراد اسیری سے بچنے کےلئے ملک سے فرار کی راہ اختیار کرتے ہیں لیکن نوازشریف نےاس روش کو ہی بدل کررکھ دیا ہے۔

تازہ ترین