• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25جولا ئی کو پیپلز پار ٹی کے نشان پر مہر لگائیں، عبدالجبار

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور حیدرآبادکے حلقہ پی ایس 64سے پارٹی کے نامزد امیدوار عبدالجبار خان نے قومی اسمبلی کے اُمیدوار طارق شاہ جاموٹ کے ہمراہ ہوسڑی ٹاون کمیٹی سمیت دیگر گوٹھوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی۔ دونوں امیدوار جب ان گوٹھوں میں پہنچے تو وہاں کے مکینوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر عبدالجبار خان نے خطاب کرتے ہوئے حلقے کے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ 25جولائی کی صبح گھروں سے نکل کر پیپلزپارٹی کے انتخابی نشان تیر پر ووٹ ڈالیں تاکہ اس حلقے سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہونے کی صورت میں پانچ سال تک حلقے کے عوام کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات اس لئے اہم ہیں کہ اب تبدیلی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور برسوں سے دھونس اور جبر کی بنیاد پر عوام پر مسلط ہونے والے عناصر اب بے نقاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریب عوام اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنے والی جماعت ہے اور اسی جماعت نے ہمیشہ غریب عوام کو باعزت روزگار ، روٹی، کپڑا او رمکان دیا ہے اور اب بھی یہ عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کسی بہکاوے میں نہ آئیں اور وہ صرف اور صرف پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو اپنے ووٹوں کے ذریعے منتخب کرکے ایوانوں میں بھیجیں تاکہ غریب اور پسماندہ عوام کی صحیح ترجمانی کی جا سکے۔

تازہ ترین