• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مستونگ، شہداءکی تدفین، آرمی چیف اور عمائدین کی شرکت، ملک بھر میں آج سوگ

سانحہ مستونگ، شہداءکی تدفین، آرمی چیف اور عمائدین کی شرکت، ملک بھر میں آج سوگ

کوئٹہ (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں شہید ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ میر سراج رئیسانی اور دیگر شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ ملک بھر میں آج بھی سوگ منایا جائے گا۔ سراج رئیسانی کی نماز جنازہ جنرل موسیٰ اسٹیڈیم میں ادا کی گئی۔ شہید کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر موسی اسٹیڈیم لایا گیا جہاں پاک فوج کے دستے نے میت کو سلامی پیش کی ۔ نماز جنازہ میں ٗ چیف آف آرمی اسٹاف ٗ گورنر ٗ نگران وزیراعلیٰ ٗ کمانڈرسدرن کمانڈ ٍ چیف سیکرٹری ٗآئی جی ایف سی ٗ آئی جی پولیس شہید کے بھائیوں ٗ نگران وزرا ٗگورنر بلوچستان، سیاسی قائدین اور عمائدین سمیت سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔نماز جنازہ کے بعد نواب زادہ میر سراج رئیسانی کی میت کو آبائی علاقے کانک روانہ کردیاگیا۔جہان ان کے جسد خاکی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں انکے والد اور بیٹے کی قبروں کے قریب سپرد خاک کردیا گیا۔ اس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے ۔آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کو پاکستان کا بہادر سپاہی قرار دیا ہے۔ آرمی چیف نے سانحہ مستونگ میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کے اہل خانہ سے بھی اظہار تعزیت کیا۔گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کےجلسے میں خود کش دھماکا ہوا تھا ،جس میںجاں بحق افراد کی تعداد 150سےتجاوز کرگئی ہے۔آرمی چیف نے سراج رئیسانی کو ’پاکستان کا سپاہی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید سراج رئیسانی پاکستان کے وہ سپاہی تھے جن کی شہادت سے ہم نے بہادر اور محب وطن پاکستانی کو کھو دیا ہے جسے ہمیشہ پاکستان کیلئے خدمات کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔آرمی چیف نے سراج رئیسانی کے خاندان کی تین نسلوں کی قربانیوں کو بھی تسلیم کیا۔

تازہ ترین