• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل ڈی اے کے نئے اوقات کار، بہترنتائج نہ نکل سکے،کلیریکل سٹاف مزیدسست

لاہور (نسیم قریشی سے ) ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران خان کا عوام کو سہولت دینے کیلئے ایل ڈی اے کے او قات کار صبح8سے3کو بڑھا کر 8سے5بجے تک کرنے کا فیصلہ خاطر خواہ نتائج نہ دے سکا۔ کلیریکل سٹاف پہلے سے بھی کم کام کرنے لگے۔ افسران 5 بجے کی بندش کی وجہ سے دیگر مشکلات میں مبتلا ہو گئے جبکہ خواتین ملازمین کیلئے گھر تاخیر سے جانے پر گھریلو مسائل بڑھنے سے لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے۔ نئی تعینات ہونے والی ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نےعوامی سہولت کیلئے ایل ڈی اے کے اوقات کار صبح 8 بجے سے 3 بجے سپہر کو تبدیل کرکے دو گھنٹے بڑھاکر شام 5 بجے تک کرنے احکامات جاری کر دیئے۔ ایل ڈی اے کے ملازمین کے مطابق یہ ایک غیر فطری اقدام ہے ۔ ایل ڈی اے کے مختلف دفاتر میں کام کرنے والی خواتین نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ان کے شعبوں میں کام کرنے والے کلرکوں نے پہلے سے بھی کم کام کرنا شروع کر دیا ہے اور اگر پہلے ایک کلرک 3فائلیں نکالتا تھا تو اب 2فائلیں نکالتا ہے۔ اسی طرح دوسرے مرد ملازمین کسی نہ کسی بہانے سے 3 بجے کے بعد دفتر سے چلے جاتے ہیں جبکہ ایل ڈی اے ون ونڈو بھی 1 بجے کے بعد عوام کی درخواستیں نہیں لیتا۔ ۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر ایڈمن سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی وجہ سے یہ ایک عارضی اقدام عوام کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے جو 25جولائی تک نافذ العمل رہے گا اور اس کے بعد پہلے والے ٹائم ہی واپس ہو جائیں گے۔
تازہ ترین