• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری برادری خطے میں ابھرنے والے مواقع پرنظر رکھے، صدرممنون حسین

کاروباری برادری خطے میں ابھرنے والے مواقع پرنظر رکھے، صدرممنون حسین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ2050 تک پاکستان دنیا کی اٹھارہویں بڑی معیشت کی حیثیت سے ابھرے گا، انھوں نے کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر اور خاص طور پر خطے میں ابھرنے والے مواقع پر نظر رکھیں تاکہ ملک و قوم کی بہتری اور معاشی استحکام کے لئے ان سے استفادہ کیا جاسکے، ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے پربھی توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں ایف پی سی سی آئی اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر غضنفر بلور،سابق چیف ایگزیکٹو ٹی ڈی پی ایس ایم منیر،نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک،سینئر نائب صدر و چیئرمین ایوارڈ کمیٹی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہماری تاجراور صنعت کاربرادری نے وطن عزیز کی اقتصادی ترقی کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ بعض نامساعد حالات میں بھی ان کے پائے استقلال میں کبھی لرزش نہیں آئی اور یہ لوگ انفرادی اور اجتماعی، دونوں سطحوں پر ملک کی خدمت میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اِن دنوں انتخابی عمل سے گزر رہا ہے۔ امید ہے کہ یہ مرحلہ بخیرو خوبی گزر جائے اور آنے والی حکومت قومی ترقی کے اس عمل کو اسی رفتار کے ساتھ جاری رکھے گی۔

تازہ ترین