• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’لونگ‘ پیٹ کی بیماریوں سے حفاظت کا ذریعہ

لونگ کا استعمال پیٹ کی جملہ بیماریوں سے حفاظت کا ذریعہ

لونگ ایک درخت کے خوشبودار پھولوں کی کلیاں ہوتی ہیں جسے عام طور پر ایک مصالحے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔لونگ جزائر ملوک، انڈونیشیا کا مقامی پودا ہےاور تجارتی طور پر انڈونیشیا، پاکستان ،بھارت، مڈغاسکر، زنجبار، سری لنکا اور تنزانیہ میں کاشت کیا جاتا ہے۔

لونگ کےاستعمال کے ویسے تو بہت سے طبی فوائد ہیں لیکن اس کا استعمال پیٹ کی جملہ بیماریوں کا شافی علاج ہے،خاص طور پرایسی کیفیت میں جب آپ نے خالی پیٹ چائے پی ہو،پسندیدہ ڈش کی وجہ سےزیادہ کھانا کھایا ہولونگ کا استعمال انتہائی مفید و معاون ہوتا ہے اورآپ کوتکلیف سے نجات دلاتا ہے۔

چٹ پٹے مصالحے دار کھانے،پسندیدہ ڈش دیکھ کر بسیار خوری ، خالی پیٹ چائے پینابے وقت کھانا کھانے کی عادت،نہ ہونے کے برابر ورزش ،کم جسمانی سرگرمی ،سہل پسندی،دبائو اور الکوحل کا استعمال تیزابیت کا سبب بنتا ہے اور ایسی صورت حال میں کھانے کی نالی میں صفرا ،کھٹا پانی بہتا ہے جس کی وجہ سےکھانے کی نالی کی اندرونی تہہ میں درد ہوتا ہے اورآپ شدید بے چینی کا شکار ہو جاتے ہیں ۔

ایسی کیفیت سے چھٹکارا پانے کیلئے بہت سی جڑی بوٹیوں (ہر بل) اور دیسی ٹوٹکوں کا استعمال کیا جاتا ہے جن میں تخم ریحاں، تخم بالنگا،دارچینی،چھاچھ،سرکہ خاص طور پر سیب کا سرکہ،زیرہ اور لونگ کا استعمال کیا جاتا ہے تاہم اس فہرست میں پہلے نمبر پر حیرت انگیز نتیجہ کی حامل لونگ ہے جسے آپ کی دسترس میں رہنا چا ہئے۔

تیزابیت اور اس کی علامات

جب ہم غذا کھاتے ہیں اور وہ کھانے کی نالی کے ذریعےجب ہمارے معدے میں پہنچتی ہے اس وقت شکمی غدود ایک خاص قسم کا مادہ یا تیزاب خارج کرتے ہیں جو غذا کے ہضم میں معاون و مددگار ہوتا ہے لیکن جب یہ ہی مادہ (تیزاب) زیادہ مقدار میں خارج ہونا شروع ہو جائے تو تیزابیت کی شکایت پیدا ہوجا تی ہے ۔

تیزابیت پیدا ہونے سے معدے کے منہ پر جلن شروع ہو جاتی ہے اور عدم توجہ کی وجہ سے شدت میں بتدریج اضافہ شروع ہو جاتا ہے۔ایسے مریضوں کو کھانا ٹھیک طرح سے ہضم نہیں ہوتا، پیٹ بھاری رہتا ہے، کھٹی ڈکاریں آتی ہیں ، گلے ،سینے، پیٹ میں جلن ، متلی قے میں سبز ، زرد ، نیلے یا لال رنگ کا مادہ جگر سے نکلتا ہے۔ایسی صورت حال کا ہمارے خطے میں زیادہ سامنا رہتا ہے جس کی وجہ یہاں کے زیادہ تیل والی اور مصالحے دار غذائوں کا استعمال بہت زیادہ ہے۔

منہ سے بد بوآنا ، دیر تک میں ترش ذائقہ رہنا ،گلے ،سینے اورپیٹ میں جلن ،قے اور متلی کی شکایت ،قبض تیزابیت کی دیگر علامات ہیں۔

ماہر غذائیت اور ہیلتھ کوچ کا کہنا ہے کہ تیزابیت کی شدت میں کمی اور اس کے نتیجہ میں ہونے والے اضطراب اور درد کو دور کرنے میں لونگ کا استعمال انتہائی مفیدہے ،خاص طور پرلونگ کو سالن تیار کرتے وقت اسے مصالحے کے طور پر استعمال میں لایا جائے تو یہ تیزابیت کو روکنے کا باعث بنتا ہے جبکہ سالن میں لونگ کے ہم وزن الائچی کا استعمال بھی کرلیا جائے تو اس کا اثر دگناہوجاتا ہے۔یہ غذاکو ہضم کرتا ہےجبکہ اس میں غذائی اجزاء کو جذب کرنے کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے۔

اس کے علاوہ لونگ کاکھانوں میں استعمال گیس کے اخراج کا باعث بنتا ہے کیوں کہ گیس تیزابیت کے نقصانات کو دگنا کرتی ہے اس لئے کاسر ریاح کے باعث انتہائی مفید ہے۔

لونگ کی ایک اور بڑی خصوصیت لعاب کا پیدا کرنا ہے اور لعاب کے پیدا ہونے سے بھی تیزابیت ختم ہو تی ہےسدھا اور آئیوردک کے ماہرین سینے،پیٹ ،معدے اورگلے کی جلن میں لونگ چوسنا ہی تجویز کرتے ہیں۔

دو سے تین لونگیں چبانے سے جوں ہی اس کا جوس معدے میں پہنچ کر تیزابیت میں فوری طور کمی لائے گا اور آپ کی بے چینی اور اضطراب کی کیفیت سے نجات دلائے گا۔

چند لونگ الائچی کے ساتھ چبانے سے نہ صرف تیزابیت کی شکایت کو دور کرے گا بلکہ اس سے آپ کے منہ کی بدبو بھی دور ہو جائے گی اور فرحت بھی محسوس کریں گے۔

پیٹ کی پیچیدگیوں اور دیگر مسائل سےمحفوظ رہنے کیلئے اپنی ہانڈی کےسالن کی کری اور چاولوں کی ڈشوں میں لونگ کا استعمال کریں۔

اگر آپ کی تیزابیت شدید نوعیت کی ہے اور طویل عرصے سے ہے توآپ لازمی طور پر اپنے معالج سے رجوع کر یں ۔

تازہ ترین