عام انتخابات 2018 کے لئے ملک بھرمیں پولنگ کا عمل جاری ہے،پولنگ اسٹیشنزپرلوگوں کی قطاریں لگ گئیں،لوگ اپنا ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔
آج قومی اسمبلی کی 270 اور صوبائی اسمبلیوں کی 570 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ بلاتعطل شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
عوام کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر اسے کامیاب بنائیں اور جمہوریت کو ملک میں آگے لے کر جائیں۔
الیکشن 2018ء میں 10کروڑ 59لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔
کئی پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کےعمل میں تاخیر
عام انتخابات کے لیےمختلف شہروں میں بعض پولنگ اسٹیشنزپرپولنگ کے آغازمیں تاخیر کا سامنا ہے۔این اے58 ،گجر خان ،پی ایس 24 سکھر کے پولنگ اسٹیشن 22،راولپنڈی این اے62کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلزہائی اسکول نمبر4،کراچی این اے252 سرجانی پولنگ اسٹیشن نمبر69 سمیت کئی پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ وقت پر پولنگ کے انتظامات مکمل نہ کرسکا،ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشن کے باہر جمع ہے۔
سیاسی رہنماؤں کے ووٹ کاسٹ کرنے کا سلسلہ جاری
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے جونیئرماڈل اسکول اے بلاک ماڈل ٹاون لاہوراورمتحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان نے ڈٰیرہ اسماعیل خان،خورشید شاہ نے سکھر اور پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے این اے 54 میں ووٹ کاسٹ کیا۔
ایاز صادق بھی ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے،نگراں وزیر اعظم ناصرالملک مینگورہ سوات میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو , آصف زرداری نواب شاہ ۔ عمران خان اسلام آباد، سینیٹر سراج الحق لوئردیر میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔
کراچی میں خالد مقبول صدیقی عزیزآباد، فاروق ستار پی آئی بی کالونی،مصطفیٰ کمال گلشن اقبال ، شیخ رشید راولپنڈی اورشاہد خاقان عباسی مری میں ووٹ ڈالیں گے۔
نواز شریف ،مریم نواز، کیپٹن رٹائرڈ صفدر ،حنیف عباسی ووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے ووٹ کاسٹ کر دیا
لاہور میں چیف جسٹس پاکستان ،جسٹس ثاقب نثار نے بھی ووٹ کاسٹ کردیا۔
چیف جسٹس پاکستان نےگارڈن ٹاون کےعلاقے میں ووٹ کاسٹ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر گفت گو میں کہا کہ انہوں نے صاف اور شفاف انتخابات کا وعدہ پورا کیا، الیکشن کے عمل سے وہ مکمل طور پر مطمئن ہیں۔
راحیل شریف نے بھی ووٹ ڈال دیا
سابق آرمی چیف راحیل شریف نے بھی ووٹ ڈال دیا
سابق آرمی چیف سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف نےقطار میں لگ کر ووٹ کاسٹ کیا۔
آج عام تعطیل ہے،ووٹرز ووٹ ڈالنے کے لئے پرجوش
قومی فریضے کی ادائیگی کے لیےآج ملک بھرمیں عام تعطیل ہے،جمہوری عمل میں اپنا حصہ ڈالنے بزرگ ،نوجوان ،خواتین سب پرجوش ہیں ۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا شکایت سیل کا دورہ
الیکشن کمیشن کے شکایت سیل نے کام شروع کردیا،سیکریٹری الیکشن کمیشن نے شکایت سیل کا دورہ کیا اوراین اے209اور210میں فوری پولنگ شروع کرانے کاحکم دیا۔
پنجاب میں سب سے زیادہ 6 کروڑ ووٹرز
پنجاب کے 6کروڑ 6لاکھ 72ہزار 870،سندھ میں 2کروڑ 23لاکھ 97ہزار 244،خیبرپختونخوا میں 1کروڑ 53لاکھ 16ہزار 299،بلوچستان میں 42لاکھ 99ہزار 494،فاٹاکے 25لاکھ 10ہزار154،اسلام آباد کے 7لاکھ 65ہزار 348ووٹرز اپنا حق راہے دہی استعمال کریں گے ۔
اس کے علاوہ فاٹا کے 25 لاکھ 10 ہزار 154 اور اسلام آباد کے 7 لاکھ 65 ہزار 348 شہری ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کے مطابق ملک بھر میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی کل تعداد 11 ہزار 677 ہے جن میں قومی اسمبلی کے لیے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی تعداد 1805 ہے اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر 1623 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
ملک بھر میں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی تعداد 3856 ہے جب کہ 4399 امیدوار آزاد حیثیت میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات لڑرہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 172 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 386 امیدوار ہیں جب کہ اقلیتوں میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 44 اور صوبائی پر 113 امیدوار ہیں۔
17ہزار 7 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس
عام انتخابات کےلئےملک بھر میں 85 ہزار307 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں،17ہزار 7 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور20 ہزار789 حساس قرار دئیے گئے ہیں۔
8 حلقوں پر انتخابات ملتوی
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 8 حلقوں پر انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں، جہاں الیکشن اب بعد میں ہوں گے۔
جن حلقوں میں آج انتخابات نہیں ہو رہے، ان میں قومی اسمبلی کے دو حلقے این اے 60 راولپنڈی اور این اے 103 فیصل آباد جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے حلقے پی کے 78 پشاور، پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان، پی پی 87 میانوالی، پی پی 103 فیصل آباد، پی ایس 87 ملیر اور پی بی 35 مستونگ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 کشمور سے میر شبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔
موبائل فون لے جانے پر پابندی
آج موبائل فون پولنگ اسٹیشن کے اندر لے جانے پر پابندی ہے، صحافی بھی پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون نہیں لے جاسکتے ، ویڈیو کیمرے کے ذریعے پولنگ اسٹیشن کے اندر کی ویڈیو بناسکیں گے۔
16لاکھ کا انتخابی عملہ
ملک بھر میں 16لاکھ کے قریب انتخابی عملہ خدمات سرانجام دےرہا ہے ،ان میں 85ہزار 307پریزائیڈنگ افسران ،5لاکھ 10ہزار356اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 2لاکھ 55 ہزار 178پولنگ افسران بھی شامل ہیں۔
ڈی آراوز ،840آراوز خدمات انجام دے رہے ہیں ،4لاکھ پولیس اہلکار اور 3لاکھ 70ہزار فوجی جوان تعینات کئے گئے ہیں، فوجی جوانوں کی تعیناتی کا مقصد شفاف انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے ، محفوظ اور پُرامن ماحول کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان رابطہ ہے۔
پاک افغان سرحد پر باب دوستی سیل
ملک میں پرامن انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنانے کےلئے پاک افغان سرحد پر باب دوستی تک کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ پشاور میں دفعہ 144 کے تحت افغان مہاجرین کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے ۔