ہمارا جسم ، ہمارے معمولات، سوچ بچار، فیصلہ سازی ، نت نئے آئیڈیاز غرض زندگی کا ہر پہلو دماغ کا مرہونِ منت ہے، اور دماغ کیلئے سب سے بہتر ٹانک قدرتی نیند ہے جس کی ہر بچے، جوان، بوڑھے، مرد اور عورت کو ضرورت ہوتی ہے۔ ہر جسم میں نیند پوری کرنے کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے، کچھ لوگ چار، کچھ چھ، کچھ آٹھ، کچھ دس یا بارہ گھنٹوں میں اپنی نیند پوری کرتے ہیں۔ بعض نیند کے بعد بھی فریش نہیں ہوتے جس سے جسم میں کمزوری، تھکاوٹ اور بے چینی رہتی ہے۔ آج ہم10ایسے عوامل کا ذکر کریں گے جن پر عمل پیرا ہوکر ہم لوگ پرسکون اور گہری نیند کے ذریعے اپنے آپ کو چاق و چوبند بناسکتے ہیں۔
1۔ صبح کی روشنی سے فائدہ اٹھائیں
موسم گرم میں سورج جلد نکل آتاہے، اس لیے آنکھ بھی جلد کھل جاتی ہے، جس پر جھنجلانے سے بہتر ہے کہ صبح کی روشنی کا فائدہ اٹھائیں اور سورج کی تمازت کو اپنے اندر جذب کریں۔کسی کے ساتھ یا اکیلے ہی واک پر نکل جائیں یا باہر جا کرناشتہ کرلیں ، یا کھڑکی سے آتی دھوپ میں بیٹھ کر کافی پی لیں۔ یہ عادت کم سے کم اپنے چھوٹے اور ٹین ایج بچوں میں ضرور ڈالیں، صبح کی تازہ دم دھوپ ہڈیوں اور جسمانی افعال کیلئے ضروری ہوتی ہے۔ وہ جلدی اٹھیں گے تو رات جلد سونے کیلئے بسترپر ہوں گے۔
2۔ روشنیاں ہٹا دیں
ہمارے اندر بھی ایک بایولوجیکل کلاک (حیاتیاتی گھڑی ) ہوتی ہے، جس کے مطابق ہمارا جسم ہمیں سونے جاگنے کی جانب راغب کرتاہے۔ رات کو کمرے میںتیز روشنی سے ہمارا دماغ ہمیں باور کرواتاہے کہ ابھی سونے کا ٹائم نہیں ہوا۔ اسی لیے نہ صرف کمرے کی روشنی مدھم کرلیں ، بلکہ اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ ، ٹیبلٹ ، اور ٹی وی کو بھی اپنی آنکھوں سے دور کرلیں، تاکہ آپ کا دماغ نیند کی وادیوں میں جانے کیلئے تیار ہو جائے۔
3۔ معمول بنائیں
سب سے پہلے ہم اپنی نیند کا معمول بنائیں، نیند کیلئے رات کا وقت سب سے بہتر ہے۔ اگر ہم جلد سونے اور جلد اٹھنے کا معمول بنائیں گے تو جسم اور دماغ خود بخود چست ہوں گے، صلاحیت بڑھے گی، کارکردگی بہتر ہوگی اور فطری نیند ملے گی کیونکہ اللہ نے رات سکون کیلئے ہی بنائی ہے، غلط اوقات میں سونے سے پرہیز کریں۔ رات جلدی سوئیں تاکہ صبح جلدی اُٹھ سکیں۔
4۔ رات دیر تک چائے اور کافی سے پرہیز
ہم نیند بھگانے کیلئے چائے کافی پیتےہیں، اگررات کو سونے سے قبل آپ کیفین کا استعمال کریں گےتو لامحالہ نیند نے تو روٹھنا ہی ہے، اور رات کو کھانا کھاتے ہی سوجانے کا مطلب ہے کہ سینے میں جلن اور بے خوابی سے آپ کی نیند ہچکولے لیتی رہے گی۔اسی طرح خالی پیٹ بھی نہ سوئیں۔ بہتر یہی ہے کہ نیند کے اوقات سے ڈیڑھ دو گھنٹے پہلے کھانا کھالیں۔
5۔ پرسکون رہنے کی کوشش کریں
دن بھر کےمعاملات اور ٹینش والے واقعات رات کو بستر پر لیٹتے ہی دماغ میں در آتے ہیں ، کوشش کریں کہ ان سب کو جھٹک کر گہرے لمبے سانس لیں ، خود کو پرسکون کریں اور سونے کی کوشش کریں کیونکہ جو ہوچکا اسے آپ بدل نہیں سکتے ،اور آنےوالا کل آپ کے اختیار میں نہیں ہے۔
7۔ہلکے پھلکے کپڑے
بیڈ شیٹ، تکیہ یا لحاف بہت موٹا یا ایسا نہ ہو جس میں سانس لینے میں دشواری ہو۔ سونے کیلئے ہلکا پھلکا لباس پہنیں۔ تکیے کو سرکے نیچے اس انداز میں رکھیں کہ آپ کو آرام محسوس ہو۔ کمرے کا درجہ حرارت ایسا ہونا چاہیے جس پر آپ سکون محسوس کریں۔
8۔ تازہ دم ہوجائیں
آفس اور دیگر کاروباری معاملات میں آپ سن اسکرین، میک اپ یا ڈیوڈرنٹ لگاتے ہیں، جو دھوپ ، پسینے کی وجہ سے جِلد میں سرایت کرنے لگتا ہے۔ سونے سے قبل نیم گرم پانی سے نہالیا جائے تو یہ ساری چیزیں صاف ہو جاتی ہیں اور جلد پر ہونے والی بے چینی اور بے سکونی دور ہو جاتی ہےاوراچھی نیند آتی ہے۔
9۔سیر کو جائیں
کسی باغ یا ہرے بھرے جنگل میں کیمپنگ کریں ،اور وہاں کی تازہ ہوا کو اپنے اندر جذب کریں، شرط یہ ہےکہ کسی قسم کا اسمارٹ فون اور گیجٹ وغیرہ نہ لے کرجائیں۔ قدرتی ماحول میں رہنے سے آپ کی حیاتیاتی گھڑی کا وقت بھی ٹھیک ہونے کا موقع بڑھ جاتاہے۔ کیونکہ وہاں کوئی مصنوعی روشنی نہیں ہوتی جو آپ کی آنکھوں پر پڑتی رہے۔
10۔ زیادہ سے زیادہ پانی پیئں
ابھی تک آپ یہ بار بار پڑھ چکے ہیں کہ رات کو پانی پی کر سونا جِلد کیلئے بہت سود مند ہوتاہے کیونکہ اس سے رات بھر آپ کو اور آپ کی جِلد کو پانی کی کمی نہیں ہوتی تاہم یہ بات پلے باندھ لیں کہ سردیوں میں بھی لازمی پانی پی کر سوئیں کیونکہ سردیوں میں جِلد کو زیادہ خشکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔