نیویارک (عظیم ایم میاں) ری پبلکن صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریبات کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں البتہ واشنگٹن میں 20؍ جنوری کو موسم کی تاریخی شدت کی پیشگوئی کےباعث صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب اب کیپٹل ہل کی عمارت کے اندر ہوگی، موسم کی شدت کے باعث شرکاء کی تعداد بھی متاثر ہونے کا امکان، واشنگٹن میں رش بڑھ گیا۔ اس تبدیلی کےباعث حلف برداری کی تقریب کے لئے مدعو مہمانوں کو تازہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ موسم کی شدت کی اطلاعات نے واشنگٹن کی عوامی تقریبات میں شرکت کرنےوالوں کی تعداد پربھی اثر پڑنے کا امکان ہے جبکہ نیویارک اور دیگر شہروں سے واشنگٹن جانے والوں کے رش کے باعث فلائٹس، ٹرین اور بسوں پر رش کے باعث سیٹ ملنا دشوار ہے جبکہ واشنگٹن اور گرد و نواح کے ہوٹلوں میں رہائش حاصل کرنابھی خاصا مشکل ہوگیا ہے۔ واشنگٹن میں سخت سیکورٹی کے مطابق ہوٹلوں میں چیک ان کرنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔