کابل......افغانستان میں پاک افغان سرحد پر امریکی فضائی حملوں میں جہادی تنظیم داعش کے ریڈیو کو تباہ کر دیا گیا ۔اسلامک اسٹیٹ اپنے اِس ریڈیو پر اپنے عقیدے کی ترویج کے ساتھ ساتھ نئی بھرتیوں کے اعلانات اور ترغیب کے پروگرام نشر کر تی تھی۔
داعش کے ریڈیو اسٹیشن کو افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں ایک فضائی حملے میں تباہ کیا گیا،پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب قائم اِس ریڈیو کا نام صدائے خلافت رکھا گیا تھا۔ افغانستان میں نیٹو مشن کے ترجمان کرنل مائک لاہرون نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ننگر ہار کے آچین ضلع میں دہشت گردی کے دو مقامات کو فضائی حملے کا نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
اِس ریڈیو کو تباہ کرنے کے لیے دو حملے کیے گئے۔ ننگرہار میں اسلامک اسٹیٹ کے ریڈیو کو تباہ کرنے کی امریکی کارروائی کی افغان حکام نے بھی نام مخفی رکھنے کی شرط پر تصدیق کی ۔ مختلف حوالوں سے بتایا جاتا ہے کہ ننگر ہار کے چار اضلاع میں اسلامک اسٹیٹ نے اپنے قدم مضبوطی سے جما رکھے ہیں اور اب افغان فوج اپنے اتحادیوں کی مدد سے انہیں اِن علاقوں سے نکال باہر کرنے کی کوشش میں ہے۔