• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کو ٹھیک، عوام کا اعتماد، ملکی غیرت کیلئے ٹیکس دیں

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سب سے پہلے ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہے، عوام کو اعتماد دینا ہے، ملک کی غیرت کیلئے ٹیکس دیں، اگر ہم نے ٹیکس کا نظام ٹھیک کرلیا تو معاشی مسائل حل ہو جائینگے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ایسی پارٹی کو ووٹ دیں جسکے لیڈر کا پیسہ باہر نہ ہو۔ قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ قوم کو اپنے پیر پر کھڑا کروں گا، 20 کروڑ کی آبادی میں پاکستان میں صرف 8 لاکھ لوگ ٹیکس ادا کرتے ہیں، ایسے ملک نہیں چلے گا،میں وعدہ کرتا ہوں سب سے پہلے ایف بی آر کو ٹھیک کروں گا، لوگوں کو اس پر اعتماد نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میں عوام کو یہ اعتماد دوں گا کہ آپ کے ٹیکس کی حفاظت میں خود کروں گا،روز عوام کو بتائیں گے کہ ہم کتنا عوام کا پیسہ بچارہے ہیں لیکن شہریوں کا فرض ہے کہ وہ بھی ٹیکس ادا کریں، قوم کی عزت کی خاطر ٹیکس ضرور ادا کریں،جب پیسے والے لوگ ٹیکس دیتے ہیں تو اس سے نچلے طبقے کو اوپر اٹھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ٹیکس کا نظام ٹھیک کرلیا تو معاشی مسائل حل ہوجائیں گے اور اپنے خرچے اپنے وسائل سے پورے کرینگے۔انہوںنے کہا کہ جس سے قرضہ لیتے ہیں وہ آپکی آزادی اور عزت لے جاتا ہے، مجھے برے لگے گا کہ باہر سے پیسے مانگوں۔ شوکت خانم کیلئے پاکستانیوں سے پیسہ مانگا ہے باہر سے پیسہ مانگنے سے مجھے شر م آئے گی انہوںنے کہاکہ جو قوم اپنی عزت نہیں کرتی دنیا اس کی عزت نہیں کرتی۔ انہوںنے کہاکہ بیرون ممالک میں پاکستانیوں کو لائن میں کھڑے کر دیتے ہیں اس قوم کو اپنے پائوں پر کھڑا کر نا ہے ہم نے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانا ہے،عظیم قوم بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیکس نہیں دیتے ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں،ٹیکس اللہ کیلئے دینا ہے اس کے بعد انشاء اللہ کبھی خسارہ نہیں ہوگا ۔وزیر اعظم نے کہاکہ جو پاکستان کے پیسے چوری ہو کر باہر گئے ہیں ہم نے ٹاسک فورس بنانی ہے وہ پیسہ باہر سے واپس لے کر آئیگی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قوم سے اپیل کی کہ کسی ایسے لیڈر کو ووٹ نہ دیں جس کا سرمایہ بیرون ملک موجود ہے، جب اس کا پیسہ باہر ہوگا تو وہ ملک کا مخلص نہیں ہوسکتا۔

تازہ ترین