• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدات بڑھانے کیلئے صنعت کاروں کی مکمل مدد فراہم کرینگے

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے صنعت کاروں کی مکمل مدد فراہم کرینگے، سمندر پار پاکستانی اپنا ڈالر ملکی بینک میں رکھیں، ان کیلئے آسانیاں پیدا کرینگے۔ قوم سے پہلے خطاب میں نو منتخب وزیراعظم نے کہا کہ وہ غیر ملکی پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کریں گے، ہم چاہیں گے آپ اپنا پیسہ یہاں لائیں یا پاکستانی بینکوں میں پیسے رکھیں، ہمیں ڈالرز کی سخت ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ ہم اپنی ایکسپورٹ بڑھائیں گے، ہماری حکومت انڈسٹریز کی پوری مدد کرے گی، بزنس ایڈوائزری کونسل بنائینگے جو راستے میں رکاوٹ دور کریگی، ملک میں سرمایہ کاری لیکر آئیں گے ۔وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں ایک آفس ہوگا جو باہر سے آنے وا لے سرمایہ کاروں کیلئے رکاوٹ دینگے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ چھوٹے سرمایہ کاروں کیلئے بہت رکاوٹیں ہیں۔ میں سفارتخانوں کو پیغام دوں گا کہ پاکستانی جو باہر کام کررہے ہیں جو پیسہ بھیجتے ہیں ان کیلئے آسانی پیدا کریں، یہ پاکستانی بیس ارب ڈالر بھیجتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ باہر کے ممالک میں کئی جیلوں میں پاکستانی پڑے ہوئے ہیں،یہ کیوں پڑے ہوئے ہیں، ان کو فوری طورپر دیکھا جائے،ہم کوشش کرینگے کہ انکی مدد کریں، ان کو بتائیں یہ لاوارث نہیں ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے خاص طور پر مخاطب ہوتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اپنا پیسہ پاکستان واپس لائیں، اپنا پیسہ پاکستان میں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان پر مشکل وقت ہے، جو بھی پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں بینکوں کے ذریعے بھیجیں، ملک کو مشکل سے نکالنے کے لیے ہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین