• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیلگو اداکارہ پائل چکربورتی ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئیں

نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کہلائی جانے والی ’ٹولی وڈ‘ کی ایک معروف اداکارہ مشہور ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔تیلگوزبان میں بننے والی فلموں کی معروف بنگالی اداکارہ 34سالہ پائل چکربورتی ریاست سکم کے دارالحکومت گینگٹاک کے ایک معروف ہوٹل میں مردہ پائی گئیں۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتا سے تعلق رکھنے والی اداکارہ پائل چکربورتی سیر و تفریح کے سلسلے میں سکم گئی تھیں، جہاں انہوں نے گینگٹاک کے ایک معروف نجی ہوٹل میں کمرہ بک کروایا۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ ہوٹل کے کمرے سے ایک دن تک باہر نہیں نکلیں تو انتظامیہ نے پولیس کو شکایت کی، جس نے ہوٹل کا کمرہ کھولا تو اداکارہ مردہ حالت میں پائی گئیں۔پولیس نے لاش ملتے ہی اداکارہ کی ہلاکت کی تفتیش شروع کردی، تاہم تاحال اس بات کا پتہ نہیں لگایا جا سکا کہ اداکارہ کی ہلاکت کیسے ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر اداکارہ نے خودکشی کی، تاہم کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔دوسری جانب پائل چکربورتی کے والد کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چند سال سے ڈپریشن اور دیگر ذہنی مسائل کا شکار تھیں۔دوسری جانب اداکارہ کے سابق شوہر بنگالی اداکار سیانتانی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تاحال یہ یقین ہی نہیں ہو رہا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔خیال رہے کہ پائلسنگھ نے کچھ سال قبل ہی اداکار سیانتانی سے شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں 2سال قبل ایک بیٹا بھی پیدا ہوا تھا۔پائل چکربورتی نے بیٹے کی پیدائش کے بعد چند ماہ قبل ہی شوہر سے طلاق بھی لے لی تھی۔انہوں نے کیریئر کا آغاز 2004 میں کیا، اب تک انہوں نے 30 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے، علاوہ ازیں انہوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
تازہ ترین