• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’آخری اننگز کھیل رہا ہوں، چاہتا ہوں کہ یہ کامیاب رہے‘‘

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ آخری اننگز کھیل رہا ہوں، چاہتا ہوں کہ یہ کامیاب رہے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اسلام آباد میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹھیک کام کرنے والے افسروں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جو تاجر ٹھیک کام کررہے ہیں انہیں کوئی ہراساں نہیں کررہا ہے، یقین دلاتا ہوں نیب تاجر برادری کے تحفظ کے لیے موجود ہے، اگر تاجر ملکی مفادات کو ترجیح دیں گے تو نیب آپ کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ کوئی قدم بہتری کے لیے ہوگا تو تمام طبقات کے لیے ہوگا، ایک طبقہ فیض یاب ہو دوسرا محروم رہے ایسا اب نہیں ہوگا، گزشتہ دس ماہ میں کسی فیس کو نہیں کیس کو دیکھا۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب کا کسی گروپ سے کسی گروہ سے کوئی تعلق نہیں، ہمارا ہر قدم اور تمام وفاداریاں پاکستان اور اس کے عوام سے ہے، حکومتِ وقت اور نیب پوری کوشش کررہی ہے کہ باہر گیا پیسہ واپس لاسکیں،اس سب میں وقت لگے گا، کوئی فوری وعدہ نہیں کرتا۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ جب آپ کے ایک ہاتھ میں کشکول ہوگا تو کسی سے اپنی بات کیسے منوا سکتے ہیں، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرے۔

چیئرمین نیب نے یہ بھی کہا کہ نیب تاجر برادری کے راستے میں ایک تنکا بھی نہیں آنے دے گا،جو لوگ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہیں وہ غریب لوگوں کو پیسہ واپس کر دیں۔

تازہ ترین