• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی تعمیرات پر بلڈنگ کنٹرول افسران و انسپکٹرز کو وارننگ

راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے ) ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے غیر قانونی تعمیرات پر بلڈنگ کنٹرول افسران اور انسپکٹروں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے اپنی کارکردگی ٹھیک کرنے کی ہدایت کردی۔ آرڈی اے ایریاز میں پلازوں کی شادی ہالز میں منتقلی کی بھی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل رانا اکبر حیات کی نگرانی میں لینڈ یوز و بلڈنگ کنٹرول ونگ کا اجلاس منگل کے روز ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل نے نیشنل مارکیٹ میں آرڈی اے کے اہلکار کی طرف سے قبضے کی کوشش کا بھی سخت نوٹس لیا اور اس حوالے سےکارروائی کی ہدایت کر دی۔ رانا اکبر حیات نے متعلقہ ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیااورکہا کہ تمام افسران و ملازمین نیک نیتی اور ایمانداری سے خدمات سرانجام دیں ۔ آرڈی اےکی حدود میں غیرقانونی تعمیرات پر تمام افسران وملازمین کو آخری وارننگ دے رہاہوں۔ آئندہ غیرقانونی تعمیرات کی پشت پناہی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور معطل بھی کردیا جائے گا۔ بلڈنگ کنٹرول کے انسپکٹرز نے بتایا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام کے لئے پولیس فورس کی مدد حاصل نہیں ہورہی ۔جس پر ڈی جی آرڈی اے نےکہا کہ اس ضمن میں سی پی او راولپنڈی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او کو آر ڈی اے کی سپورٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ڈی جی آرڈی اے نے این او سی لینے کے لئے درخواستیں جمع کرانے والی نجی ہائوسنگ سوسائٹیز کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی سوسائٹیز کی فائلیں پوری کرکے آرڈی اے میں جمع کرائیں انھیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
تازہ ترین