• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شپ یارڈ میں 32ٹن بولارڈ پل ٹگ پاک بحریہ کے حولے کرنے تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے گئے 32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی حوالگی کی تقریب پیر کو کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف رئیر ایڈمرل اطہر مختار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کردہ اس32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی لمبائی 34میٹر جبکہ وزن 481ٹن ہے اس کی انتہائی رفتار12ناٹیکل میل ہے اور اس میں دو ڈیزل انجن اور دو آزیمتھ تھرَسٹر نصب ہیں یہ ٹگ پاک بحریہ کے تمام سائز کے جہازوں کے ساتھ ہر قسم کے ٹگنگ آپریشن کی صلاحیت رکھنے والے انتہائی مضبوط فینڈرز سے لیس ہے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رئیر ایڈمرل اطہر مختارنے کہا کہ یہ ٹگ ، جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا ایک مظہر ہے،انہوں نے جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ پبلک سیکٹر کی چند صنعتوں میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ دہائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قومی مَیری ٹائم سیکٹر کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاک بحریہ اور وزارتِ دفاعی پیداوار کے مسلسل تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے غیر ملکی معاونت نہیں لی گئی اور تعمیر کے تمام مراحل خود انحصاری کے ساتھ طے ہوئے،انہوں نے سامعین کو شپ یارڈ میں جاری جہاز سازی اور مرمت کے دیگر منصوبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ فی الوقت کراچی شپ یارڈ جہاز سازی کے 6منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

تازہ ترین