• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ، تیزی کی بڑی لہر، 100 انڈیکس میں 718 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں وفاقی حکومت کی جانب سےمنی بجٹ کے مثبت اثرات کے باعث مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہر ، 100 انڈیکس میں 718 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 41 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی ، 75.13 فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب3ارب 40کروڑ41لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ۔اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت 2 کروڑ 13لاکھ 19ہزار شیئرززائد رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغازمنفی زون میں ہوا اورقومی اسمبلی میں پیش ہونے والے بجٹ کے حوالے سے مختلف اندیشوں کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص کی فروخت کو ترجیع دی جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 40438 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآگیا تاہم بعد ازاں بجٹ تقریر کے بعد سرمایہ کاروں کے تحفظات زائل ہونے لگے اور گاڑیوں کی خریداری کے لئے فائلر ہونے کی شرط کے خاتمے پر پہلے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کار سرگرم ہوئے اور بعد میں توقعات کے برعکس ترقیاتی بجٹ کے اعلان پر سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے لگی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورزبردست تیزی کا رجحان بڑھ گیا جس سے 100 انڈیکس کی41 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 41270 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں معمولی کریکشن ہوئی لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پر 100انڈیکس 717.60پوائنٹس کے اضافے سے 41238.07 پوائنٹس پربندہوا۔اسی طرح 30 انڈیکس 349.24 پوائنٹس اضافے سے 20143.02 پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس 1546.55 پوائنٹس اضافے سے 70217.70 پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 389.68 پوائنٹس اضافے سے 30076.54 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 382 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے287کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہوا جب کہ 68 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور 27کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب3ارب 40کروڑ 41لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 83کھرب 42ارب 44کروڑ 10لاکھ روپے سے بڑھ کر 84کھرب 45ارب 84کروڑ 51لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 16کروڑ 65لاکھ 19ہزار شیئرز رہا جو پیر کے 14کروڑ 52لاکھ شیئرکے مقابلے میں 2 کروڑ 13لاکھ 19ہزار شیئرز زائد ہے۔اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں بھی مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤکے لحاظ سے کولگیٹ پامولو کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 67.10 روپے اضافے سے 2425 روپے اورآئی لینڈ ٹیکسٹائیل کے حصص کی قیمت 66.87 روپے اضافے سے 1405.62روپے پر بند ہوئی۔نمایاں کمی ای ایف یو لائف انشورنش کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت 11.87روپے کمی سے 225.64 روپے اورستارہ کیمکل کے حصص کی قیمت 9.61 روپے کمی سے 369.83 روپے پربند ہوئی۔گزشتہ روزلوٹی کیمکل کی سرگرمیاں ایک کروڑ 32لاکھ 41ہزارر شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جب کہ دیگر کمپنیوں میں یونٹی فوڈز،،میپل لیف ,ڈیسکون آکسی چیم ،ٹی آر جی پاکستان،صدیق سنز ، نیمر ری سنز، فوجی فوڈز ،فوجی سیمنٹ اور پاک الیکٹران کے حصص کا نمایاں کاروبار ہوا۔

تازہ ترین