• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کونسلر توقیر ملک کی کوششیں رنگ لے آئیں، ایبرڈین میں مسجد کیلئے ارزاں قیمت پر شاندار جگہ مل گئی

گلاسگو (طاہر انعام شیخ)ایبرڈین سٹی کونسل کے کونسلر توقیر ملک کی مسلسل کوششوں سے مسلمانوں کو بڑی جامع مسجد کے لئے جگہ نہایت ہی ارزاں اور برائے نام قیمت پر مل گئی، ایبرڈین میں ساحل سمندر پر خوبصورت مقام پر اس پانچ ایکڑ جگہ کی مارکیٹ ویلیو ملین پونڈسے زیادہ ہے لیکن مسلمانوں کو خیرسگالی کے جذبے کے تحت صرف ایک پونڈز ٹوکن قیمت پر دی گئی ہے مزید اچھی بات یہ ہے کہ اس مسجد کے لئے جگہ مسلمانوں کو تقریباً مفت دینے پرتمام سیاسی پارٹیوں لیبر، کنزرویٹو، سکاٹش نیشنل پارٹی اور گرین کے ممبران مکمل طور پر متفق تھے اور کسی طرف سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا، توقیر ملک نے جنگ کو بتایا کہ ایبرڈین میں اس وقت مسلم کمیونٹی کی تعداد تقریباً سات ہزار ہے اور ان کی یہاں پر چار مساجد ہیں لیکن بڑی جامع مسجد کی کمی عرصہ دراز سے محسوس کی جارہی تھی، یہاں پر مسلم آبادی بتدریج بڑھ رہی ہے، پہلی مسجد1978ء دوسری2008ء تیسری2016ء اور چوتھی مسجد2017ء میں بنی تھی لیکن جمعہ کے دن بعض اوقات نمازیوں کو فٹ پاتھ پر نماز ادا کرنی پڑتی تھی اب اللہ کے فضل سے ہم کو شاندار مقام پر شاندار جگہ مل گئی ہے اور اس کو بنانے کے لئے ہمیں چند ملین پونڈ کی ضرورت ہے، خوش قسمتی ہے اس نئی مسجد کےلئے بے شمار افراد نے ہمیں ملین پونڈز سے زیادہ کی پیشکش کی ہے اور چند ہی برسوں میں اس جگہ پر ایک شاندار مسجد تعمیر ہوجائے گی، جو شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرےگی اور ملٹی کلچر ازم اور مذاہب کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم کرنے کا باعث بنے گی۔ توقیر ملک نے بتایا کہ یہاں مسلم کمیونٹی کے مقامی افراد کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں اور ہر مہینے کے آخری بدھ کو مسلم کمیونٹی کی طرف سے سینٹ نکولس سکوائر میں فری فوڈ سٹال لگایا جاتا ہے۔

تازہ ترین