• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریسکیو 1122 کے 500سے زیادہ اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے

راولپنڈی: (سٹاف رپورٹر) ریسکیو 1122 راولپنڈی کے 500سے زیادہ اہلکاریوم عاشور پر ہائی الرٹ رہیں گے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی ڈاکٹرعبدالرحمان کی زیرِ صدارت ریسکیو 1122کا محرم الحرم کے حوالے سے اجلاس سنٹرل ریسکیو اسٹیشن راول روڈ پر ہواجس میں ایمرجنسی آفیسر (آپریشنز)کی جانب سے ریسکیو1122کے ایمرجنسی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ جس کے مطابق ضلع بھر کے ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ریڈ کوڈ لگادیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں مجالس،امام بارگاہ،جلسے جلوس کے ہمراہ داخلی خارجی راستوں پر ریسکیو کیمپ لگائے جائیں گے جہاں ریسکیو ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکارموجود رہیں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتِ حال میں عزاداروں کوبروقت اور بہتر طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ سا تھ ر یسکیو 1122 کے تربیت یافتہ رضاکاربھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔اجلاس میں ریسکیو 1122راولپنڈی کے تمام افسران موجود تھے۔راولپنڈی میں500سے زیادہ ریسکیو اہلکاروں کی سپیشل ڈیوٹی کنٹرول روم، ایمرجنسی ریسکیو اسٹیشنز، 34ایمرجنسی ایمبو لینسز،12 فائر وہیکلز، 5 ریسکیو اینڈ ریکوری وہیکلز،2 واٹر باؤزر، 20ریسکیو میڈیکل پوسٹیں اور 45موٹر بائیک ایمبولینسزپر لگادی گئی ہیں ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی نے کہا کہ ریسکیورز عوام کی قیمتی جانوں کو بچانے اور متاثرین کی تکلیف کم کر کے محفوظ معاشرے کے قیام کے مشن کے لئے کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے اجتماعات میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبٹنے اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے پہلے سے تیاری ، حفاظتی انتظامات نہ صرف حادثات اور سانحات کے اثرات کم کرتے ہیں بلکہ حادثات سے منظم اور پیشہ وارانہ انداز میں نبرد آزما ہونے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
تازہ ترین