• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ غیرقانونی آبادکاروں کو نکالنے کیلئے حکم جاری کرے، ایازپلیجو

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہاہے کہ سندھ میں اقتدار پر قبضے کیلئے تارکین وطن کو شناختی کارڈ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے، کراچی میں لاکھوں افغانی، بنگالی اور برمی غیرقانونی طورپر آباد ہیں، انہیں شناختی کارڈ دینا ملک دشمنی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ صوبائی حکمران بتائیں کہ کیا اب افغانی، بنگالی، بہاری اور برمی اسمبلی میں پہنچ کر سندھ کی حکمرانی کریں گے، انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے بات کی جارہی ہے، حکمران سندھ دشمن فیصلے بند کردیں، غیرقانونی تارکین وطن کی آباد کاری اور کالاباغ ڈیم کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں غیرقانونی طورپر آباد افراد کو ڈی پورٹ کیا جاتا ہے اور واپس ان کے ملک بھیجا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ ان مہاجرین کو انسانی ہمدردی کے طورپر یہاں رکھا گیا، حالات بہتر ہونے کے بعد انہیں واپس کیاجانا چاہئے تھا، جن لوگوں نے پاسپورٹ اور غیرقانونی دستاویز کے ذریعے ملک میں تعلیم اور روزگار حاصل کیا انہیں بھی واپس بھیجا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ لاکھوں غیرقانونی آبادکاروں کو نکالنے کیلئے حکم جاری کرے، تحریک انصاف سندھ میں راج کرنے کیلئے کراچی میں غیرقانونی طورپر آباد بنگالیوں، افغانیوں کو شناختی کارڈ دینے کا اعلان کررہی ہے۔دریں اثناء قومی عوامی تحریک کی جانب سے کالا باغ کی تعمیر اور غیرملکی افراد کو شناختی کارڈز کے اجراءکے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر گلزار جمانی، آغا عباس پٹھان، فیاض نانگراج اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ افغانیوں، بنگالیوں اور دیگر ملکوں کے افراد کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی عوامی تحریک ایسے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی جس سے سندھ کے وجود کو خطرات لاحق ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالاباغ ڈیم کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور اس کا پانی بند کرنے کے مذکورہ اقدامات اٹھانے سے گریز کیا جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
تازہ ترین