• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیلوں میں بہتری کیلئے ٹاسک فورس بن گئی،نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر)کھیل کے شعبے میں بہتری اور اسپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئےنئی حکومت نے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کی سربراہی میں ٹاسک فورس تو قائم کردی ہے لیکن دو ہفتہ گذرنے کے باوجود اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے، ایشین گیمز میں قومی دستے کی خراب پر فارمنس کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں دس اور گیارہ ستمبر کو دو اجلاس ہوئے، جس میں ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سیکریٹری آئی پی سی جمیل احمد، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی مگر تاحال اس کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری ہوا اور نہ ہی ارکان کے نام سامنے آسکے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ تمام زیر التوا اسکیموں کا جائزہ لیا جائے اور ان کے نامکمل ہونے کی وجوہات کو سامنے لایا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں کھیلوں کی فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کی بھرمار کے باجود کھیلوں میں کارکردگی مایوس کن ہے۔ اجلاس اس بات کا بھی فیصلہ ہوا تھا کہ کھیلوں کے معاملات کو دیکھنے والی سرکاری تنظیموں کی تشکیل نو کی جائے گی۔ مگربرسوں سے فیڈریشنوں پر براجماں عہدے دار اس بات پر خوش ہیں کہ ان کے احتساب کا ابھی وقت نہیں آیا ہے۔ دوسری جانب ملک میں کئی کھیلوں میں دو متوازی فیڈریشن کی وجہ سے بھی کھلاڑی خاصے پریشان ہیں، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے کشیدہ تعلقات نے بھی کھلاڑیوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ سابق وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ بھی فیڈریشنز کےجھگڑے نہیں نمٹاسکے تھے۔
تازہ ترین