• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی منظر نامہ،وزیراعظم کاپہلا غیرملکی دورہ،سعودی عرب کی اہمیت کا عکاس

اسلام آباد(طاہر خلیل)اسلام آبادکی بڑی تقریب میں جو سفارتی سےزیادہ عوامی رنگ اختیار کر گئی تھی سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کو دور رس اثرات کا حامل قرار دیتے ہوئے بتارہے تھے کہ دورے میں اقتصادی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان سٹرٹیجک اقتصادی شراکت کاری کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ اسلا م آباد میں سعودی عرب کے قومی دن کی تقریب میں زندگی کے ہر شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات کی شرکت اس امر کی عکاس تھی کہ پاکستان اور سعودی عرب جسم و جان کی مانند ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاک سعودی تعلقات میں گرمجوشی کی حالیہ لہر کا تذکرہ کرتے ہوئے درست کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے پہلے سرکاری دورے کےلئے سعودی عرب کا انتخاب پاکستان کی نئی حکومت کے اس مخلصانہ رویئے کا اظہار ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا اہم اتحادی ملک ہے اور اس سے اس بات کی بھی عکاسی ہوتی ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کو ترجیحی ملک سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب میںاڑھائی لاکھ سے زیادہ پاکستانی کام کررہے ہیں جن کا سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ہے، یوں تو وفاقی دارالحکومت میں مختلف ملکوں کے قومی دن کی مناسبت سے آئے روز سفارتی تقریبات کا اہتمام و انصرام ہوتا ہے لیکن برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے قومی دن کا ہر کسی کو بڑی شدت سے انتظار ہوتا ہے۔ اہل پاکستان ہر سال 23 ستمبر کو سعودی عرب کا قومی دن بڑے اہتمام اور جوش و خروش سے مناتے ہیں۔مختلف سماجی، تجارتی اور پروفیشنل تنظیموں کی طرف سے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد کی شاہراہوں پر جابجا خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قدِ آدم تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی طرف سے بھی اہم داخلی اور خارجی مقامات پر پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کئے گئے ہیں۔ تمام مہمانوں کو سعودی عرب کا روایتی گہوہ( قہوہ) پیش کیاگیا۔ سعودی روٹی خُبر، بھنی ہوئی بھیڑ، ام ایلی، شورمہ اور دیگر مشہور کھانے بھی مہمانوں کو پیش کئے گئے۔ پاک سعودی تعلقات حکومتوں کی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوئے۔
تازہ ترین