• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی تاریخ رقم، وزیر تعلیم سندھ کی بیٹی اور بھتیجیاں سرکاری اسکول میں داخل

حیدرآباد / کراچی (بیورو رپورٹ / اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے صوبے میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور عوام کی نظروں میں سرکاری تعلیمی اداروں کی ساکھ بہتر بنانے اور اعتماد بحال کرنے کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدام کرتے ہوئے اپنی بیٹی کیف الوریٰ اور 2؍ بھتیجیوں علیزہ اور عمیزہ کو حیدرآباد کے سرکاری اسکول میراں گرلز ہائی اسکول میں داخل کرا دیا۔ داخلے کیلئے وزیر تعلیم خود اسکول پہنچے اور پرنسپل کے دفتر میں ایک عام شہری کی طرح تینوں بچیوں کا فارم پُر کرکے جمع کرایا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا، میرے گھر کے بچے بھی سرکاری تعلیمی اداروں میں شہریوں کے بچوں کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے، ہر اچھائی کی شروعات اپنے گھر سے ہوتی ہے اور مثبت تبدیلی صرف نعروں سے نہیں بلکہ عمل سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنے اداروں کی مالکی نہیں کرتے، انہیں OWN نہیں کرتے، عوام کو بھی اعتماد نہیں اور یہی وجہ ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا اقدام میں نے اٹھایا ہے۔

تازہ ترین