• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کےضلع چاغی میں شدید خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے چاغی میں امدادی سامان روانہ کردیاگیا۔

بارشوں کےنہ ہونے سے بلوچستان کے 10سےزائد اضلاع خشک سالی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ان میںچاغی سب سےزیادہ متاثر ہوا ہے۔

چاغی انتظامیہ کےمطابق خشک سالی سے ضلع کےمختلف علاقوں میں عوام کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے،اس صورتحال سے ان علاقوں سے نقل مکانی کابھی خطرہ ہے۔

خشک سالی کی گھمبیر ہوتی صورتحال پر چاغی کی انتظامیہ نےصوبائی حکومت سے امدادی کارروائی کی درخواست کی ہے ،جس میں کہاگیاہے کہ خشک سالی سے 7 ہزار سےزائد لوگ متاثر ہوئےہیں۔

اس صورتحال کاصوبائی وزیرپی ڈی ایم اے اورداخلہ سلیم احمد کھوسہ نے فوری نوٹس لیا اور پی ڈی ایم اے حکام کو ضلع چاغی میں امدادی کارروائی کرنے کی ہدایت کےبعد خشک سالی کی صورتحال پر چاغی میں امدادی سامان روانہ کردیاگیا۔

پی ڈی ایم اےحکام کےمطابق امدادی سامان میں5 ہزارخاندانوں کےلئےخوراک،خیمے، کمبل اوراشیائےخوردونوش شامل ہیں۔

حکام کاکہناہے کہ تمام امدادی سامان متاثرہ علاقے میں پہنچایاجارہاہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیرپی ڈی ایم اے کاکہناہے کہ امدادی کارروائی کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔ مشکل کی گھڑی میں متاثرہ لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

اس سےقبل ضلع چاغی سمیت بلوچستان کےمختلف علاقوں میں اس طرح کی شدید خشک سالی اور قحط کی صورتحال 2002میں پیدا ہوئی تھی جس کےباعث علاقے میں زراعت بہت متاثر ہوئی تھی اور متعدد خاندان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے تھے۔

خشک سالی اورقحط سے لوگوں کےبڑی تعداد میں مال مویشی بھی مرگئے تھے۔

تازہ ترین