• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے سعودی حکام سے اپنے باپ کی لاش دینے کا مطالبہ کر دیا۔

جمال خاشقجی کے بیٹوں35 سالہ صالح خاشقجی اور 33سالہ عبداللہ خاشقجی نے امریکی نیوز چینل کو خصوصی انٹرویو دیا ہے۔

عبد اللہ خاشقجی کا کہنا ہے کہ میں امید کرتا ہوں کہ جو کچھ ہوا وہ والد کے لیے زیادہ تکلیف دہ نہ رہا ہو اور انہیں آرام دہ موت دی گئی ہو۔

دوسرے بیٹے صالح خاشقجی کا کہنا تھا کہ ہم سب مدینہ منورہ کے جنت البقیع قبرستان میں والد کی تدفین چاہتے ہیں جہاں ہمارے دیگر بزرگ مدفون ہیں، میں نے اس سلسلے میں سعودی حکام سے بات کی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ جلد ممکن ہو سکے گا۔

صالح خاشقجی نے مزید کہا کہ کچھ لوگ میرے والد کی موت کو سیاسی طور پر استعمال کر رہے ہیں جس سے ہم متفق نہیں ہم نے اس حوالے سے نیوز رپورٹس پر انحصار کیا ہے۔

عبد اللہ خاشقجی نے مزید کہا کہ ابھی بہت کچھ اپ اور ڈاؤن ہے، ہم ہمارے والد پر کیا گزری ہم یہ جاننے کی پوری کوشش کررہے ہیں، یہ عام صورت حال نہیں ہے، نہ ہی عام موت ہے بلکہ ہمارے مشکل اور الجھی ہوئی صورت حال ہے۔

صالح خاشقجی کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شاہ نے کہا ہے کہ وہ ہمیں انصاف فراہم کریں گے اور مجھے اس پر یقین ہے۔

واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو ایک ماہ قبل ترک شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

تازہ ترین