• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنڈیکیٹ میں ڈاکٹر عطاالرحمن کی نامزدگی خلاف قانون ہے، ٹیچرز فورم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم نے جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ میں ڈاکٹر عطاالرحمن کی نامزدگی کو خلاف قانون قرار دے دیا ہے، فورم کی پریس ریلز کے مطابق ڈاکٹر عطاالرحمن جامعہ کراچی میں پروفیسر ایمریٹس کے عہدے پر فائز ہیں لہٰذا ان کی نامزدگی خلاف قانون ہے۔ ان سے پہلے دو ایمریٹس پروفیسرز کو بھی اسی قانونی نکتہ کی وجہ سے کبھی ممبرسنڈیکیٹ نامزد نہیں کیا گیا۔ فورم نے گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس بے ضابطگی کا فی الفور نوٹس لیں۔ اسی طرح موجودہ رجسٹرار جامعہ کراچی کا تقرر نیب کے آڈٹ پیرا اور سندھ اسمبلی سے پاس شدہ یونیورسٹی ایکٹ کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ رجسٹرار کے پاس اس عہدے کے علاوہ مزید تین عہدے ہیں جس کی وجہ سے انتظامی معاملات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ فورم نے پچھلے دنوں رجسٹرار کے جعلی دستخط کے حوالے سے دو بار شیخ الجامعہ کو خط لکھا مگر اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ جامعہ کی زمینوں پر قبضہ کے حوالے سے رجسٹرار کبھی سیاسی شخصیات کا نام لیتے ہیں اور کبھی اپنے ان دستخطوں کو جعلی قرار دیتے ہیں۔ فورم وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کرتا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کی زمینوں کو محفوظ بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

تازہ ترین