• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن کی دولت مشترکہ نمائش میں پاکستانی ثقافت کی پذیرائی

لندن( نیوز ڈیسک) لندن کے علاقے کنسنگٹن کے ٹائون ہال میں گزشتہ روز دولت مشترکہ کے ممالک کی نمائش میں پاکستانی ثقافت کی عکاسی کرنے والے پاکستانی سٹالز کی زبردست پذیرائی کی گئی، اور اس سالانہ نمائش میں خوبصورت پاکستانی سٹالز لوگوں کی توجہ کامرکز بنے رہے،پاکستانی سٹالز پر پاکستان کی ثقافت کی گہرائی وگیرائی اور تنوع کو روایتی دستکاریوں ،ملبوسات ،سووینیئرز اور مزے مزے کے کھانوں کے ذریعے اجاگر کیاگیاتھا۔پاکستانی کھانے خاص طورپر چاول کی ڈش بریانی اپنے مخصوص ذائقے ،خوشبو اور پیشکش کے طریقہ کار کی وجہ سے کھانوں کے شوقینوں کی توجہ کا مرکز تھے، ڈپٹی ہائی کمشنر کی بیگم آصفہ ایوب نے ہائی کمیشن کی دیگر بیگمات کے ساتھ نمائش میں آنے والے مہمانوں کو پاکستانی خواتین کی تیار کردہ خوبصورت دستکاریاں دکھائیں، اس موقع پر پاکستان کے مقبول قومی گیت سنائے گئے، اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے ڈپٹی ہائی کمشنر کی بیگم نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک کی نمائش ہر سال لگائی جاتی ہے اورپاکستان ہائی کمیشن باقاعدگی سے اس میں شریک ہوتاہے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی سٹالز سے ہونے والی آمدنی دولت مشترکہ گرلز ایجوکیشن فنڈ کو عطیہ کردی جائے گی۔ اس فنڈ سے پسماندہ لڑکیوں کو تعلیم سے آراستہ کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جائے گی، ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ایوب نے بھی پاکستانی سٹالز کا دورہ کیا اور ہائی کمیشن کی خواتین کی جانب سے بین الاقوامی نمائشوں میں پاکستانی ثقافت اور روایتی اشیا کی سرگرمی کے ساتھ نمائش پر ان کی تعریف کی۔

تازہ ترین