• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ، جے آئی ٹی نے سندھ کے تمام ترقیاتی منصوبوں کا 5 سالہ ریکارڈ طلب کرلیا

کراچی،اسلام آباد( نیوزایجنسیاں…نمائندہ جنگ) منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ کی قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے حکومت سندھ سے مختلف محکموں کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ جبکہ ایف آئی اےنے منی لانڈرنگ کے الزام میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کے 726 رہنمائوں اور کارکنوں کو طلبی کے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کی جانب سے 2013 سے 2018 تک صوبہ سندھ سے مختلف ترقیاتی اسکیموں کے پراجیکٹ چارٹر ، مختص بجٹ، جاری کردہ رقوم، ریوائز اسکیم کی معلومات اور اخراجات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، جےآئی ٹی نے چیف سیکرٹری سندھ سے آج پیر( 12 نومبر) تک تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جس کے بعد چیف سیکرٹری نے محکمہ منصوبہ بندی، خزانہ، توانائی، آبپاشی، ورکس، صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر کوآج تک فراہم کردہ پروفارمہ پر تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس سے قبل جے آئی ٹی نے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط میں صوبائی حکومت کے زیراستعمال تمام بینک اکاؤنٹس کی 10 سالہ تفصیلات طلب کی تھیں،جے آئی ٹی کی جانب سے 10 سال میں محکمہ آبپاشی اور کمیونی کیشن اینڈ ورکس کے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی مانگی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ 10 سال میں دونوں محکموں میں کتنی مالیت اور کتنے ٹھیکے دئیے گئے، اس حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کی جائے۔ دریں اثناءوفاقی تحقیقاتی ادارے نے منی لانڈرنگ کے الزام میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ کے 726 رہنمائوں اور کارکنوں کو طلبی کے نوٹس جاری کردئیے ہیں، ایف آئی اے انسداد دہشت گردی سیل کی جانب سے جن افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں وہ پارٹی کے مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں، ان پرخدمت خلق فائونڈیشن کے فنڈ میں خطیر رقوم جمع کرانے کا الزام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چار رہنما ئوں جن میں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ، سابق وفاقی وزیر بابر غوری، خواجہ سہیل اور احمد علی کے عدم پیشی پر عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوچکے ہیں، ان چاروں کو 12 نومبر کو اسلام آباد پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے اس سے قبل بھی چاروں افراد کو پیش ہونے کیلئے طلب کیا گیامگر وہ پیش نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ 2017میں کراچی میں درج کیا گیا تھا مگر بعد میں اسے ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد میں منتقل کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین