• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندو کمیونٹی کو ریاست پاکستان ‘ اداروں پر اعتماد ہے، رمیش وانکوانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے پاکستان کو قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے، یوالی کے موقع پر منعقد کئے گئے پروگراموں پر اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر زعماء کا شکرگزار ہوں آج اتنی بڑی تعداد میں ہندو برادری کی تقریب میں شرکت اس جانب اشارہ ہے کہ انہیں حکومت پر ، پاکستان پر، ریاست پر ملک کے اداروں، پاکستان ہندو کونسل پر بھرپور اعتماد ہے۔ وہ گزشتہ روز مقامی ہال میں کارروان ویلفیئر گروپ کے زیر اہتمام، پاکستان ہندو کونسل کے تعاون سے منعقدہ دیوالی فیسٹول سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے کرشن ساگر راجہ اثر مل، اسلام کوٹ ٹائون کمیٹی کے چیئرمین کملش کمار گوپال داس نے بھی خطاب کیا جبکہ کرشن لعل نے خوش آمدیدی کلمات ادا کئے۔ تقریب کی نظامت بخشن مہرانوی نے کی۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ بڑے تہوار پر خدابھگوان کی رحمت ہوتی ہے ان تہواروں کو مختلف مذاہب اور کمیونٹی کے لوگ مل کر مناتے ہیں تو اس پر رحمت ہوتی ہے۔ دیوالی کی تقریبات ہم نے4نومبر کو تھرپارکر میں شروع کردی تھی جہاں ہم نے غریب لوگوں کے ساتھ دیوالی منائی وہاں ہم نے راشن اور نقد رقوم تقسیم کی۔7نومبر کو چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ پارلیمنٹ کے نمائندے مل کر دیوالی مناتے ہیں۔ 7نومبر کو میرے گھر پر 3سو کے قریب عوامی نمائندوں نے دیوالی منائی۔ 8نومبر کو ہم نے اسلام آباد، کوہاٹ اور نوشہرہ کے عوام کے ساتھ دیوالی منائی۔ ہم دیوالی پر کراچی میں ہر سال سو سے زیادہ مستحق جوڑوں کی شادی کراتے ہیں۔ ہم نے اس بار دیوالی پر اس تقریب کو منسوخ کردیا اور اجتماعی شادی کی تقریب اب6جنوری2019کو کراچی میں ہوگی۔ اگر ہم اپنے مذہبی کتابوں کی تعلیمات پر عمل کریں تو بہت سی مشکلات ختم ہوسکتی ہے۔ دنیا بھر کے مذاہب نے امن اور محبت کا درس دیا ہے۔ مذہبی کتابیں ماں باپ، بہن بھائی، شوہر بیوی کے حقوق اور فرائض سے آگاہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں میں خاندان کے ساتھ مل کر دھرتی ماں کیلئے بھی دعائیں مانگیں کہ ملک خوشحال ہو ملک ترقی کرے۔
تازہ ترین