• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ڈے سیریز نہ جیت پائے، پاکستان کی نظریں نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز پر مرکوز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم سات سال میں پہلی بار نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز نہ جیت سکی۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ میچ میں ہماری پوزیشن مضبوط تھی۔ میچ ہوتا تو نتیجہ ہمارے حق میں جاسکتا تھا ۔ ٹی 20سیریز جیتنے، ون ڈے سیریز برابر کرنے کے بعد اب ہماری نظریں ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہیں۔ نیوزی لینڈ کمزور حریف نہیں ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعے سے شیخ زاید اسٹیڈیم میں ہوگا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ مایوسی ہوئی۔ ون ڈے ٹیم میں تبدیلیوں سے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ شاہین آفریدی کو جنوبی افریقی کنڈیشنز کے لیے تیار کررہے ہیں۔ون ڈے سیریز میں فخر زمان دو نصف سنچریوں کی مدد سے154اور بابر اعظم 138رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سرفراز احمد نے78رنز بنائے۔ شعیب ملک تین اننگز میں58اور محمد حفیظ 46رنز بناسکے۔ مین آف دی سیریز شاہین شاہ آفریدی نے12.81کی اوسط سےنو وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حسن علی کی کارکردگی مایوس کن رہی انہوں نے60کی اوسط سے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے میچ ختم نہ ہوتا تو نتیجہ گرین شرٹس کے حق میں ہوتا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تیسرے اور آخری میچ میں بیٹسمینوں کو آزمایا گیا۔ 

تازہ ترین