• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن میلاد النبیؐ کو شایان شان منانے کیلئے انتظامات جاری

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) جشن میلادالنبیؐ کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ان میں محبت اور رواداری عام کرنے کیلئے تمام مسالک کے علماء کرام سے رابطے میں ہیں۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سی پی او راولپنڈی عباس احسن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر نے پولیس لائنز میں امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ امن کمیٹی ارکان سے مشاورت کے بعد طے پایا ہے کہ جلوس میں میوزیکل آلات پر پابندی ہو گی اور رات 2بجے تک تمام جلوس ختم کر دیئے جائیں گے۔ سی پی او راولپنڈی عباس احسن نے کہا کہ جلوس سے متعلق تمام معاملات اور داخلی و خارجی پوائنٹس کو طے کیا جا چکا ہے۔ شہریوں کے تعاون سے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر نے توقع ظاہر کی کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے سرانجام پائینگے۔ اجلاس میں علامہ اظہار بخاری، ڈویژنل خطیب حافظ محمد اقبال رضوی، قاضی محمد ظہور الہیٰ، شوکت عباس جعفری، علامہ سید زاہد عباس کاظمی، چراغ الدین شاہ، راحت کاظمی، صدر مرکزی میلاد کمیٹی شیخ طارق مسعود، شیخ حفیظ اور علماء نے شرکت کی۔ علامہ اظہار بخاری‘ اقبال رضوی اور دیگر علماء نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں ایک دوسرے کے عقائد‘ نظریات‘ خیالات کا احترام کرنا چاہئے۔ کوئی ایسی بات نہیں ہونی چاہئے جس سے کسی بھی بھی دل آزاری ہو۔
تازہ ترین