• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: کم عمر ڈرائیورز نے 2 نوجوانوں کی جان لے لی، 1زخمی

کم عمر ڈرائیور کی کاروں کی ٹکر سے دو مختلف حادثات میں دو نوجوانوں کی زندگیاں چلی گئیں، جبکہ ایک موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا۔

ڈیفنس میں چند گھنٹوں کے فرق سے دو کار حادثات پیش آئے، دونوں ہی کار چلانے والے ڈرائیور کم عمر تھے، جن کے پاس نہ شناختی کارڈ تھے نہ ڈرائیونگ لائسنس۔

کراچی میں سی ویو پر کار اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

کار سوار نوجوان معیز کو گرفتار کر کے کار قبضے میں لے لی گئی ہے، معیز کا کہنا ہے کہ ایک سال سے گاڑی چلا رہا ہے، 16سال عمر ہونے کی وجہ سے لائسنس نہیں بنوایا۔

خیابان اتحاد پر بھی 13 سالہ کار ڈرائیور کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا، لڑکا فرار ہو گیا۔

خیابان اتحاد پر تیز رفتار کار نے ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماری، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، کم عمر کار سوار موقع سے فرار ہوگیا جبکہ کار میں پیچھے بیٹھے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

زیر حراست شخص نے بتایا کہ گاڑی اس کے مالک کا بیٹا حماد چلا رہا تھا، حادثے کے وقت کار کی رفتار 80سے 100 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تھی۔

اس سے پہلے سی ویو پر بھی کم عمر نوجوان کی کار کی ٹکر سے بھٹائی آباد کے دو نوجوان اسلم اور عبدالباسط جاں بحق ہوگئے، نوجوانوں کے دوست کا کہنا ہے کہ تیز رفتار کارنے پیچھے سے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔

پولیس نے کار سوار 16سالہ معیز کو گرفتار کر کے کار قبضے میں لے لی، گرفتار ڈرائیور نے تیز رفتاری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے گاڑی چلا رہاہے۔

ڈیفنس سمیت شہر کے پوش علاقوں میں کم عمر نوجوانوں کا ڈرائیونگ کرنا معمول بن چکا، جن کا جوش میں ہوش کھو کر گاڑیاں دوڑانا خطرناک حادثات کا باعث بن جاتا ہے۔

تازہ ترین