پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مفت وائی فائی سروسز کا اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے لاہور کے 50 مقامات پر شہریوں کو مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے صوبائی وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ لاہور کے 50 مقامات پر فری وائی فائی سروسز کا آغاز ہوگیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’لاہور کے 50 مقامات پر مفت وائی فائی (انٹرنیٹ) کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ دیگر مقامات پر بھی اس پر کام کیا جارہا ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’الحمداللہ، ہم جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایک اجلاس کے دوران مریم نواز نے لاہور میں فری وائی فائی پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں 516 مقامات پر فری وائی فائی پوائنٹس بنائے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد مختلف عوامی مقامات پر مفت وائی فائی تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ شہری ایک دوسرے سے باآسانی رابطے قائم کرسکیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ آئی ٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترجیحی طور پر تعلیمی اداروں، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور بس اسٹینڈز پر بھی انٹرنیٹ کی مفت سروس کا آغاز کریں۔