• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتراکی فارمولہ مسترد ، پی ایم ایس آفیسرز کی قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی

پشاور(خبرنگار)پی ایم ایس آفیسرزایسوسی ایشن نے سول سروسزریفارمزکمیٹی پرتحفظات کااظہارکرتے ہوئے وفاق کی جانب سے افسران کی تعیناتی کے اشتراکی فارمولے کوختم کرنے اور صوبائی سیٹوں پر صوبے کے افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کردیاجبکہ مطالبات کی عدم منظوری پرقلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی بھی دی ہے، پشاور پریس کلب میں پی ایم ایس آفیسرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے کوآرڈی نیٹر فہد اکرام قاضی نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 16 دن سے پی سی ایس افسران اپنے مطالبات کیلئے احتجاجاًہاتھوں پرکالی پٹیاں باندھ کر سرکاری امور نمٹارہے ہیں لیکن ابھی تک انکے مطالبات کوسنجیدگی سے نہیں لیاجارہا۔ وفاق کی جانب سے سول سروسزریفارمز کمیٹی بنائی گئی ہے جو صوبے میں موجود افسران کے مسائل کے حل کیلئے کام کریگی لیکن کمیٹی میں صوبائی افسران کو نمائندگی نہیں دی گئی اور صرف وفاقی افسران کو شامل کیاگیا، کمیٹی کے ممبران صوبوں میں موجود افسران کے مسائل کس طرح حل کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو خطوط بھی لکھے تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ اشتراکی فارمولے کے تحت خیبرپختونخوا میں 200 سیٹیں خالی ہیں اسی طرح دوسرے صوبوں میں بھی سیٹیں خالی پڑی ہوئی ہیں جبکہ نئے فارمولے کے تحت یہ تمام سیٹیں ختم ہوجا ئینگی ، 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی افسران کی صوبائی محکموں کے پوسٹوں پر تعیناتی غیر آئینی ہے اگر اس کو ختم نہ کیا گیا تو قلم چھوڑ ہڑتال شروع کی جائے گی۔
تازہ ترین