نزلہ زکام ہو یا معدہ کے مسائل ،کسی بھی بیماری سے نمٹنے کے لیےمضبوط قوت مدافعت کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگرچہ ویکسین، دوائیں اور فراہم کیا گیا علاج مریض کے جسم کو بیکٹیریا اور وائرس سےنجات دلانےمیں مدد فراہم کرتے ہیں، تاہم مدافعتی نظام اس تمام بوجھ کو برداشت کرنے کی قوت حتیٰ کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بھی انتہائی اہم ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایک تندرست جسم کے لئے طاقتور مدافعتی نظام بے حد ضروری قرار دیا جاتا ہے۔ انسان کیا کھاتا ہے، کیا پیتا ہے، کتنی ورزش کرتا ہے، یہ سب چیزیں قوّت مدافعت بڑھانے میں اہم کردارادا کرتی ہیں۔ اگر آپ فوری طورپرقوت مدافعت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں تو ذیل میں دیے گئے قدرتی اجزا کا استعمال آپ کے لیےمفید ثابت ہوسکتا ہے۔
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ غذائیت سے بھرپوراور اینٹی مائیکروبیل خصوصیات سے مالا مال ہوتاہے، جو جسم کوانفیکشن سے پاک رکھتا ہے اور قوت مدافعت میں فوری اضافے کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔ سیب میں پایا جانے والا جزو”پیکٹن“ جب ہضم ہوجاتا ہے تو جسم میں اچھے بیکٹیریا میں تبدیل ہو جاتا ہے اور اس طرح ضدِاجسام(ANTIBODIES) اور سفید خلیات کی پیداوار بڑھ جاتی ہے،جوبیماریوں کے خلاف لڑتے ہیں۔
طریقہ :ایک چمچ سیب کا سرکہ اور شہد، ایک کپ پانی میں مکس کرکے روزانہ دن میں دومرتبہ استعمال کریں ۔
ادرک کی چائے
ادرک میں موجو اینٹی آکسیڈنٹس انسانی جسم میں قوت مدافعت کو بہتر اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ادرک میں پایا جانے والا ’جنجرولز‘ نامی مادہ اگر چہ ادرک کے ترش ذائقے کا سبب بنتا ہے لیکن یہ اس کے طبی فوائد کی وجہ بھی ہے ۔
طریقہ :تھوڑی سے ادرک کواچھی طرح کچل لیں اور ایک کپ پانی میں 5منٹ کے لیے پکنے دیں، اس کےبعد چولہے سے اتار کر ٹھنڈا کریں، پھر اس میں تھوڑی سی مقدار شہد کی شامل کریں اور اچھی طرح سے مکس کر کےیہ چائے دن میں دو بار استعمال کریں۔ چائے کے علاوہ ادرک کو سلاد اور کھانوں میںبھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ہلدی
ہلدی ایک نہیں کئی طرح سے انسانی جسم کے لیے فائدہ مند ہے۔ ہلد ی ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جس کا استعمال برسوں سےطب میں اہم تصور کیا جاتا ہے۔ اپنی اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات کے باعث ہلدی صحت کے بہت سے مسائل فوری طورپرحل کرنے یہاں تک کینسر سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
طریقہ :ایک گلاس گرم پانی میں ایک چمچ ہلدی کا پاؤڈر اچھی طرح سے مکس کرلیں اور جب یہ پانی ہلکا ٹھنڈا ہوجائے تو دن میں ایک بار اس کا استعمال کریں (خاص طور پر رات کے وقت )۔
سبز چائے
سبز چائے کے ایک نہیں کئی فوائد ہیں اس کا استعمال جوڑوں کے درد،دل کی بیماریوں اور الزائمر جیسی موذی بیماریوں کے حملے کو کم کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے ذہنی سکون بھی حاصل ہوتا ہے ۔یہی نہیں سبز چائے میں پولی فینالک کی کافی مقدار موجود ہوتی ہے، جو سرطان جیسی موذی بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔
طریقہ :ایک کپ گرم پانی میں ایک چمچ سبز چائے ڈال کر پکنے دیں، جب یہ محلول کچھ ٹھنڈا ہوجائے تو اس میں تھوڑا سا شہد مکس کرلیں اورٹھنڈا ہونے سے قبل دن میں دو مرتبہ اس کا استعمال کریں۔
لیمن جوس
قوت مدافعت میںا ضافے کے لئے وٹامن سی ناگزیر ہے اور ایک لیموں میں 55فیصد وٹامن سی ہوتا ہے۔لیموں مختلف وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں موجود اجزا جراثیموں کے خلاف مزاحمت میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
طریقہ :آدھا لیموں ایک گلاس پانی میں نچوڑ لیں۔ اسے اچھی طرح سے مکس کرنے کے بعد تھوڑ سی مقدار میں شہد ڈالیں اور ایک بار پھر اچھی طرح سے ہلالیں، اس سے پہلے کہ یہ جوس کھٹا ہو دن میں دو مرتبہ استعمال کریں ۔
قدرتی اجزا اور قدرتی غذاؤں کے استعمال کے ساتھ مختلف ایکسرسائز کے ذریعے بھی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، جیسے کہ ورزش، یوگا اور چہل قدمی و غیرہ۔ ان ایکسرسائز کے ذریعے نہ صر ف د وران خون کو صحیح رکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ اس سے موٹاپے، جوڑوں کی بیماریوں اور خاص قسم کے ذہنی عارضوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
زیتون کا تیل
اگر آپ مضبوط مدافعتی نظام کے خواہشمند ہیں تو زیتون کا تیل ایک بہترین اور فائدہ مند تیل ہے۔ زیتون کے تیل میں اومیگا 6 عنصر پایا جاتا ہے، جو جسم کو کئی خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے سے روکتا ہے۔ زیتون کا تیل اینٹی آکسیڈنٹ ہونے کے سبب زہریلے مادوں، انفیکشن اور دیگر جراثیم کو حملہ آور ہونے سے روکتا ہے ۔
طریقہ :آدھا چمچ زیتون کا تیل روزانہ اپنی سلاد کا لازمی حصہ بنائیں۔