• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعظم سواتی نے جان چھڑانے کیلئے استعفیٰ دیا ،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اعظم سواتی نے جان چھڑانے کیلئے استعفیٰ دیا ہے میڈیا سنسرشپ اور آزادی رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہئے لیکن مادر پدر آزاد میڈیا بھی نہیں ہونا چاہئے، اعظم سواتی کے مستعفی ہونے کی وجہ احتساب کلچر یا 62ون ایف کا ڈر نہیں بلکہ صرف دکھاوا ہے ، اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کے ایکشن کی بناء استعفیٰ دیا ہے،اعظم سواتی اخلاقی طورپر استعفیٰ دیتے تو پہلے ہی دن دیدیتے، بچوں کے ساتھ بڑھتے جنسی جرائم کا ذمہ دار خاندانی نظام نہیں ہے،اس کی وجہ قریبی رشتہ داروں پر اندھا اعتماد ہوتا ہے جو نہیں کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، ریما عمر، بابر ستار، ارشاد بھٹی، حفیظ اللہ نیازی اور سلیم صافی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی بات کہ میڈیا صرف 6مہینے پاکستان کی ترقی دکھائے، پھر دیکھیں ملک کہاں پہنچتا ہے کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ میڈیا کو یہ تجویز مان لینی چاہئے،میڈیا سنسرشپ اور آزادیٴ رائے پر پابندی نہیں ہونی چاہئے لیکن مادر پدر آزاد میڈیا بھی نہیں ہونا چاہئے، ملک کیلئے مثبت چیزیں ڈھونڈ کر بھی دکھانی پڑیں تو دکھانی چاہئیں، ہمارے معاشرے میں منفی چیزیں زیادہ بکتی ہیں، یہ الگ بحث ہے کہ میڈیا وہ دکھائے جو دکھانا چاہئے یا وہ دکھائے جو معاشرہ دیکھنا چاہتا ہے، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر تو پھر بھی فل اسٹاپ آجاتا ہے سوشل میڈیا نے تو حد ہی ختم کردی ہے، سوشل میڈیا پر جتنا بڑا الزام لگادو یا گالی دیدو کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔

تازہ ترین