• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت پوری دنیا میں ماہ دسمبر کے آتے ہی سردی کا بھی آغاز ہوجاتا ہے بلکہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں تو نومبر سے ہی ٹھنڈ محسوس ہونا شروع ہوجاتی ہے اور وہاں دوسرے شہروں کی نسبت سردی بھی زیادہ پڑتی ہے۔

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی لوگ جہاں اس موسم کو انجوائے کرتے، گرم کپڑے پہنتے ہیں وہیں اُن کی غذائوں میں بھی کچھ اشیاء کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ ہر موسم کے لحاظ سے قدرت کی طرف سے کچھ مخصوص غذائوں کو متعارف کرایا گیا ہے جن کا استعمال اس موسم میں انسان کے لیے بے حد ضروری ہے۔

اسی طرح موسم سرما کے لیے بھی چند بہترین غذائوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن کے استعمال سے انسانی جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے۔ سردیوں کی چند بہترین غذائیں:

ڈرائی فروٹس (خشک میوہ جات)

سردیوں کے موسم میں ڈرائی فروٹس کا استعمال صدیوں سے چلا آرہا ہے کیونکہ واقعی ٹھنڈ میں ان کا استعمال سردی اور ان میوہ جات کا مزہ دونوں دوبالا ہوجاتا ہے۔ خشک میوہ جات غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں ان میں بادام، پستہ،اخروٹ، کاجو، چلغوزے، خوبانی، ناریل، کشمش اور انجیر وغیرہ شامل ہیں۔

مونگ پھلی

مونگ پھلی کاشمار ویسےتو خشک میوہ جات میں ہی ہوتا ہے لیکن کیونکہ یہ موسم سرما میں باقی میوہ جات سے زیادہ کھائی جاتی ہے اس لیے ذکر الگ ہی ہوتا ہے۔ مونگ پھلی ایک ایسا میوہ ہے جو ہرطبقے کے افراد کو باآسانی میسر ہوجاتا ہےاور اس کو بے حد پسند بھی کیا جاتا ہےکیونکہ یہ کھانے میں ہلکی اور اس میں وٹامن کی بھی بہت زیادہ مقدار موجود ہوتی ہے۔

فرائی مچھلی

سردیوں کے موسم میں خشک میوہ جات کااستعمال تو عام ہے ہی لیکن اگر اس سے ہٹ کر کھانے کی بات کی جائے تو سب سے پہلا نام فرائی مچھلی کا ذہن میں آتا ہے۔ یہ بھی با آسانی مل جانے والی غذا ہے اور ہر خاص وعام اس کو سردی میں کھانا پسند کرتا ہے۔

پائے

موسم سرما کی بہترین غذائوں میںاگر پائے کو شامل نہیں کیا جائے تومطلب سردیوں کا مزہ ہی کرکرا ہوگیا۔عموماً پائے رات کے کھانے میں بنائے جاتے ہیں تاکہ سردی کے مزے کو مزید انجوائے کیا جاسکے بلکہ سردیوں میں باقاعدہ ’پائے پارٹی‘ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

گاجر کا حلوہ

سردیوں کی غذائوں میں شامل خشک میوہ جات اور کھانوں کا ذکر تو ہوگیا لیکن اس میں میٹھے کا بھی ہونا ضروری ہے جس میں گاجر کا حلوہ سر فہرست ہے۔ گاجر کے حلوے کا شمار موسم سرما کے بہترین لوزمات میں ہوتا ہےکیونکہ اس میں شامل دودھ، کھویا اور گاجر انسانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔

کشمیری چائے

سردیوں کی ہر دل عزیز کشمیری چائے، جو ذائقے اور فوائد کے اعتبار سے بہت ہی اہمیت کی حامل ہے، موسم سرما میں جاڑے کی سرد ہواؤں میں گرما گرم کشمیری چائے سردیوں کا مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔ عموماًکشمیری چائے کو خاص مواقع پر بنیادی طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جیسے شادیوں میں جبکہ موسم سرما کے مہینوں کے دوران یہ بہت سی چھوٹی دکانوں پر فروخت کیا جاتا ہے۔

حلوہ پوری

صبح صبح ہونے والی ٹھنڈمیں حلوہ پوری اوراس کے ساتھ دال، آلو، چنے، آچار کا ناشتا سردیوں کے موسم کے لیے بہترین ہےاور خاص کر الصبح کسی ڈھابے پر بیٹھ کر اس کو کھانا اس کے مزے کو مزید بڑھا دیتا ہے۔

سوپ

سردیوں کے موسم میں سوپ اور یخنی کااستعمال عام کیا جاتا ہے بلکہ لوگ خاص طور پر اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ سوپ پینے باہر جاتے ہیں اور سردی کا مزہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین بھی گھر میں نت نئے طریقوں سےسوپ بناتی ہیں اور باقاعدہ سوپ پارٹی کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین