• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی کے بھی گھر جائیں تو ہماری سب سے پہلی نگاہ گھر کے مرکزی دروازے پر ہی پڑتی ہے۔ گھر بھلے جتنا ہی خوبصورت بنالیا جائے، اگر دوران تعمیر آپ نے مرکزی دروازے کا درست انتخاب اور اس کی تنصیب میں دانشمند ی کا مظاہر ہ نہ کیا تو اس سے آپ کے گھر کی خوبصورتی متاثر ہو سکتی ہے۔ ہو سکتاہے کہ آپ کا منتخب کردہ دروازہ دلکش و نایا ب ہو لیکن کیا وہ اتنی گنجائش رکھتا ہے کہ اس میں سے ضروری سامان بآسانی گزارا جاسکے۔

گھر کے مرکزی دروازے کے ليے مضبوطی کے ساتھ ساتھ انفرادیت، جدت اور خوبصورتی بیک وقت ضروری ہوتی ہے۔ تخلیقی فنکاری اورماہرانہ نفاست آپ کے ذوق کی ترجمانی کرتی ہے۔ برقی اور خودکار نظام سے لیس مرکزی دروازہ حفاظتی نقطہ نگاہ سے زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے، جن میں آپ کیمروں سمیت دیگر آڈیو ویژوول آلات نصب کرسکتے ہیں لیکن بات وہی ہے کہ ایک بار آپ نے درواز ہ لگالیاتو بعد میں اس میںردّوبدل مشکل ہو جاتی ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ دروازے کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔

دوروازے اسٹیل کے ہوں یا لکڑی کے، دونوں مٹیریلزمیں بے شمار اسٹائل اور دلکش انداز موجود ہیں، جن میں اچھی خاص تعداد میں نئے دور کے جیومیٹریکل کےساتھ ساتھ رنگین اسٹائل اپنی ہیئت اور انداز کے اعتبار سے نہایت ہی خوبصورت اور مضبوط ہیں۔نئے دورکے معروف اور مشہوراسٹائلز میں لکڑی سے بنا چوڑادروازہ بھی شامل ہے۔شیشے کا پینل اگر دروازے کے ساتھ لگا ہوتو وہ اسے شاندارلُک دے سکتاہے۔ شیشے اور لکڑی کا امتزاج دروازے کو ہمیشہ بہت خوبصورت اور منفرد انداز دیتاہے جبکہ شیشوں کا گہرا رنگ دروازوں کےاس کے حسن کو دوبالا کر دیتا ہے۔

نقش و نگار والا دروازہ

دیہی طرز پر بنا ہوا نقش و نگار والا ڈیزائن شہروں میں بھی مقبول ہو تا جارہاہے۔ لکڑی کے دروازے پر خوبصورت نقش و نگاری والے ایسے دروازے بادشاہوں کے دور میں بھی بہت مقبول ہوا کرتے تھےاورآج کے جدید دور میں بھی ان کی مقبولیت اور خوبصورتی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

سفید اور کریم کلر کا امتزاج

دروازے کا رنگ نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس لئے اس کے رنگ کے انتخاب میں خاص احتیاط کرنی چاہئے۔ کریم رنگ کی بیرونی دیواروں کے ساتھ سفید رنگ کا مرکزی دروازہ ایک خوبصورت منظر پیش کر سکتاہے یا چاہیں تو سیاہ رنگ بھی کرواسکتے ہیں۔

اسٹیل سلیب پر مشتمل دروازہ

دروازوں میں لکڑی کی طرح ا سٹیل کے استعمال بھی بڑھتا جا رہاہے، مضبوط ہونے کی وجہ سےیہ کسی بھی ا سٹائل میں بنایا جا سکتا ہے۔ دروازے کے اوپر سیمنٹ سے بنا شیڈ ایک عمدہ اضافہ ثابت ہو سکتاہے۔

بڑا اور مضبوط

آپ کے گھر کا دروازہ اگر مضبوط اور بڑا ہو گاتو یہ دیکھنے والے پر اپنا اچھاتاثر بھی چھوڑے گا۔ آپ کو اپنے گھر کے بارے میں اچھی رائے قائم کروانی ہے تو اس کیلئے بڑے دروازے کا خوبصورت ڈیزائن آپ کی مدد کرتاہے۔ اس قسم کے ڈیزائن عام طور پر فارم ہائوسز، بڑی بڑی حویلیوں اور بڑے بنگلوں کے مرکزی دروازوں کے لئے زیادہ موزوں رہتے ہیں۔

سرکنے والا آہنی دروازہ

آہنی دروازے حفاظتی نقطہ نظر سے زیادہ محفوظ تصور کیے جاتے ہیں۔ لوہے کے دروازوں کے بہت سے ڈیزائن مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ بیرونی دیوار میں دروازے کےلحاظ سےبھی لوہے کی سلیب والا ڈیزائن کارآمد ہوسکتاہے، یہ آپ کے گھر کی خوبصورتی کو مزید نکھارنے کے ساتھ اسے مضبوطی بھی فراہم کرے گا۔

دروازے کے ساتھ بالکونی

آپ لکڑی یا لوہے کا مرکزی دروازہ لگاکر اس کے ساتھ گیراج اور اس کی چھت پر بالکونی بنواسکتے ہیں۔ یہ اسٹائل بہت خوبصورت اور زیادہ فعال معلوم ہوتا ہے۔

سرمئی رنگ کے ساتھ لکڑی کا دروازہ

لکڑی ایک ایسا عنصر ہے، جس سے انتہائی دلکش ڈیزائن مرتب کئے جا سکتے ہیں، اس لئے لکڑی کو مرکزی دروازہ کے لئے بہت پسند کیا جاتا ہے۔ آپ انٹرنیٹ یا میگزینز میںمختلف اسٹائلز دیکھ سکتے ہیں کہ سرمئی رنگ اور لکڑی کے دلکش ڈیزائن پُر بہار اور اپنی مثال آپ ہوتے ہیں۔

سرکنے والا لکڑی کا بڑا پھاٹک

اس قسم کے ڈیزائن عموماً فارم ہاؤس یا دیہی علاقوں کی بڑی بڑی حویلیوں میں استعمال ہوتے ہیں، یہ ایک روایتی مگر دیہی ڈیزائن ہے۔ بڑے سے پھاٹک نما دروازے کو کھولنے اور بند کرنے کے لئے زمین پر ریلنگ نصب کی جاسکتی ہے۔اسے بہت آسانی سے بندکیا اور کھولا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین