• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیابی کا راز غلطیوں سے سیکھنا ہے، چھوٹے تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کامیابی کا راز یہی ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں ‘پاکستان میں اب تک جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں ٹھیک کریں گے‘ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری سے خوشحالی آئے گی، چھوٹے تاجروں اور برآمد کنندگان کی آسانی کیلئے کام کر رہے ہیں‘ ماضی میں برآمدات اور تجارت بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی‘ہماری حکومت تاجروں اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی حکومت نے ابتدائی چار ماہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے پر بھرپور توجہ دی جس کے نتائج جلد برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کی 42ویں ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کیلئے دولت پیدا کرنا اور جائز طریقہ سے کاروبار کرنا بہت ضروری ہے‘ماضی کی حکومتوں نے دولت پیدا کرنے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق سوچا ہی نہیں‘گذشتہ حکومت کی جانب سے بڑا تجارتی خسارہ ورثہ میں ملا‘ تجارتی خسارہ کو کم کرنے کیلئے حکومت دن رات کام کر رہی ہے‘انہوں نے مزید کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے حوالہ سے جو قلمدان ہیں وہ میں نے اپنے پاس اس لئے رکھے ہیں کہ میں مجموعی طور پر سب کی کارکردگی بطور وزیراعظم دیکھ سکوں ‘گذشتہ حکومت نے صنعتی شعبہ کے ریفنڈ کو اپنے پاس رکھ لیا جس سے صنعتی شعبہ کی مشکلات بڑھیں۔

تازہ ترین