• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسکر ہو یا فلم فیئر ایوارڈ یا پھر کانزفلم فیسٹیول، اداکار ہی نہیں بلکہ صداکار، ٹیکنیشنزا ور اس شعبے سے وابستہ دیگر افراد، سب ہی ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرنے کی شدو مد سے تیاری کرتے ہیں۔ ریڈکاپٹ کیلئے تو ہالی ووڈ سیلیبرٹیز خصوصی جیولری کے آرڈرز دیتی ہیں اور بڑے بڑے برانڈ ان کے لیے خوبصورت زیورات کی تیاری میں لگ جاتے ہیں۔ زیورات کے انتخاب میں صنف نازک انتہائی محتاط نظر آتی ہے اور جب بات ہو آسکر میلے میں شرکت کرنے والی حسیناؤں کی، تو پھر جیولری کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ کوئی ڈائمنڈ نیکلس گلے میں سجائے نظر آتی ہے تو کوئی ہاتھو ں میں بریسلٹ پہنے۔ اس کے علاوہ قیمتی جیولری میں پلاٹینیم اور سونے جیسی دھاتوں کے علاوہ نہایت قیمتی پتھر اور دیگر دھاتیں بھی شامل ہوتی ہیں۔

لالی ووڈ اسٹار ماہرہ خان بھی بین الاقوامی فلمی میلے 'کانزمیں انٹری دے چکی ہیں اورریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیر کر انھوں نے سب کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ جبکہ اس سے پہلے اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے کانز فلم فیسٹیول2016ء کے ریڈ کارپٹ پر سنہرے رنگ کے مرمریں لباس میں شرکت کی، جس میں وہ نہایت دلکش نظر آئیں۔ ریڈ کارپٹ پر پہنا گیا ان کا یہ لباس لبنانی ڈیزائنر علی یونس کا بنایا ہوا تھا۔ کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر ایشوریہ کئی سال سے جلوہ گر ہورہی ہیں۔ سب سے پہلے اپنی فلم ’دیوداس ‘ کی تشہیر کیلئے انہوںنے اس فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔

کیٹ بلانچٹ

ہالی وڈ اسٹار کیٹ بلانچٹ نے مشہور ڈیزائنر کا ڈیزائن کردہ لباس پہنا،جس کی مالیت تقریبا ًایک لاکھ ڈالرز تھی۔ لباس سے میچ کرتی جیولری کے لئے کیٹ نے 18 ملین ڈالرز خرچ کئے اور یوں ان کے لباس اور جیولری پر کل ملا کر 18.1ملین ڈالرز کا خرچہ آیا تھا۔

چارلیز تھرون

چارلیز تھرون شہرہ آفاق فیشن ڈیزائنر کرسٹیان ڈی یورکا 90 ہزارڈالرز کا لباس پہن چکی ہیں جبکہ ان کی جیولری کی قیمت 15.8 ملین ڈالرز تھی۔ چارلیز تھرون نے ریڈ کارپٹ کی ایک شام کے لئے مجموعی طور پر 15.89ملین ڈالرز خرچ کرڈالےتھے۔

جینیفر گارنر

جینیفر گارنر اپنے لباس پر آسکر ریڈ کارپٹ کے لئے 25 ہزار ڈالرز خرچ کر چکی ہیں۔ ان کے زیورات کی قیمت 5ملین ڈالرز تھی اور یوں انہوں نے مجموعی طور5.02 ملین ڈالرز کا خرچہ کرڈالا۔

سینڈرا بلوک

سینڈرا بلاک کا فیشن ہر دور میں عام لوگوں میں مقبولیت حاصل کرتا آیا ہے۔ ایک مرتبہ انہوں نے بھی منفرد نظر آنے کے لئے الیگزینڈر میکوئن کا تیارکردہ لباس پہن کر ریڈ کارپٹ کو جگمگایا، جس کی تیاری پر40ہزار ڈالرزلاگت آئی۔ سینڈرا کے زیورات کی قیمت 8.2ملین ڈالرز تھی۔

جینیفر لارنس

جینیفر لارنس نے بھی سیلیبرٹیز کی بھیڑ میں منفرد نظرآنے کے لئے کرسٹیان ڈی یور کا ڈیزائن کردہ80 ہزار ڈالرز کا لباس پہنا جبکہ جیولری پر انہوں نے 3.5 ملین ڈالرز کا خرچہ کیا۔ کل ملا کر جینیفر لارنس نے 3.58 ملین ڈالرز خرچ کئے۔

ایمی ایڈمز

ایمی ایڈمز نے آسکر کی ایک شام جو جیولری پہنی اس کی مالیت تقریباً 15لاکھ ڈالرز تھی ۔ گوچی کے ڈیزائن کردہ لباس کی قیمت 30 ہزار ڈالرز تھی۔

جیسکا بیل

جیسکا بیل کے لباس کی قیمت 1لاکھ ڈالرز اور جیولری کی قیمت پانچ لاکھ 25 ہزار ڈالرز تھی۔ یوں ان کا مجموعی خرچہ چھ لاکھ پچیس ہزار ڈالرز رہا۔

کیتھرین مارٹن

کیتھرین مارٹن کا لباس 25ہزار ڈالرز تھا جبکہ جیولری کی قیمت چار لاکھ 17ہزار ڈالرز تھی۔ کیتھرین کا کل خرچہ چار لاکھ 42ہزار ڈالرز رہا۔

تازہ ترین