• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقدین کو جواب،سرفرازکے جوہانسبرگ میں 10کیچ اورففٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر کارکردگی کے لئے مسلسل تنقید ہورہی تھی ،مخالفین انہیں کپتانی سے ہٹانے کی مہم چلا رہے تھے۔ ایسے میں جوہانسبرگ ٹیسٹ میں سرفراز احمد نے دس کیچ لے کر نیا پاکستانی ٹیسٹ ریکارڈ قائم کردیا۔ وہ دنیا کے پہلے کپتان ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میچ میں دس کیچ لئے۔ سرفراز احمدان سے قبل میچ میں کامران اکمل نے میچ میں نو اور وسیم باری نے آٹھ کیچ لئے تھے۔ سرفراز احمد ٹیسٹ میچ میں دس کیچ لینے والے ٹیلر،آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ اور بھارت کے ردھیمان ساہا کے بعد چوتھے وکٹ کیپر ہیں۔ انگلینڈ کے جیک رسل، جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز اور بھارت کے رشابھ پنت کو ٹیسٹ میچ میں گیارہ گیارہ کیچ لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں سرفراز احمد نے دونوں اننگز میں پانچ پانچ کیچز لئے اور پہلی اننگز میں نصف سنچری38گیندوں پر بنائی۔ یہ کسی پاکستانی کپتان کی تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔ وسیم باری کو ایک اننگز میں سات کیچ لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ راشد لطیف اور عدنان اکمل کو اننگز میں چھ چھ لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ریکارڈ ساز کارکردگی ملک کے لئے اعزاز ہے۔ سابق کپتان راشد لطیف نے سرفراز احمد کو ریکارڈ بنانے پر مبارک باد دی ہے۔
تازہ ترین