وزیر اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ممبران قومی اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان نےلاپتہ افرادکی بازیابی اور پارٹی کے بند دفاتر کھولنےکا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفد کو ایم کیوایم پاکستان کے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں قانونی ملکیت والے دفاتر کھولنے کی یقین دہانی کرا ئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ایم کیو ایم پاکستان کے لاپتہ افراد کی بازیابی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق، وزیر خزانہ اسد عمر، معاون خصوصی نعیم الحق، ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین اتحادی امورکے ساتھصوبہ سندھ اور کراچی وحیدرآبادسمیت دیگر بڑے شہروں میں عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، جن کے حل کیلئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔
ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے صوبائی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان کوآرڈی نیشن میں مزید بہتری کےلیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر اعظم آئندہ ماہ حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گےاور کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تکمیل میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔