• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں الیکٹرک کار چارجنگ کے بعد اوبر کے کرائے بڑھا دیئے گئے

لندن ( نیوز ڈیسک ) اوبر نے کہا ہے کہ لندن میں کمپنی کے کرائے بڑھا دیئے گئے ہیں تاکہ ڈرائیوروں کو الیکٹرک کار کی خریداری میں مدد مل سکے۔ بدھ کے روز سے دارلحکومت میں ہر ٹرپ پر کلین ایئر کی مد میں 15پنس فی میل کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹ فرم کو توقع ہے کہ سکیم سے آنے والے برسوں میں 200ملین پونڈز سے زائد رقم جمع ہو گی جو کہ الیکٹرک کاروںکیلئے ڈرائیوروں کی مدد میں استعمال کی جائے گی۔اوبر کا کہنا ہے کہ وہ اس سکیم کو برطانیہ کے دوسرے شہروں تک توسیع دینے میں دلچسپی رکھتی ہے تا کہ ہوا میں آلودگی کا خاتمہ کرنے میں مدد مل سکے۔ اس نے مزید بتایا کہ فیس میں اضافہ سے لندن میں اوسط سفر پر 45پنس بڑھ جائیں گے۔کمپنی کےمطابق اوسط 40گھنٹے فی ہفتہ کار چلانے کیلئے ایپ استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کو اگلے دو سالوں میں الیکٹرک کار کی خریداری میں مدد کیلئے تقریباً 3000پونڈز فی کس دیئے جائیں گے۔اوبر کو امید ہے کہ لندن میں اپنے 45000 ڈرائیوروں کے ذریعے 20000 پونڈز کی نقد رقم ہاتھ میں آیا کرے گی جس سے 2021تک ڈرائیوروں کو الیکٹرک کار حاصل کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے گی اور 2025تک اوبر کی تمام کاریں الیکٹرک سے چلیں گی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو دارا خسرو شاہی نے گزشتہ سال اکتوبر میں اعلان کیا تھا کہ ہمارے 200 ملین پونڈز کلین ایئر منصوبہ سے دارلحکومت میں 2025 تک سڑکوں پر چلنے والی اوبر کی تمام کاریں الیکڑک سے چل رہی ہوں گی۔
تازہ ترین