• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران پانچ سال پورے نہیں کریں گے، اتنا دیوار سے نہ لگائو کہ عوام میرے ہاتھ میں نہ رہیں، آصف زرداری

بدین( محمد حنیف زئی/ نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پیشگوئی کی ہے کہ سارا پاکستان سن لے عمران کی حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی ، ہمیں اتنا دیوار سے نہ لگاؤ کہ عوام میرے ہاتھ میں نہ رہیں ، پاکستان سے زمینیں تو ختم ہوگئیں ہیں اب یہ چاہتے ہیں کہ گیس اور تیل بھی لے لیں، اب حادثاتی اور سلیکٹڈوزیراعظم بن ہی گئے ہو تو کچھ سیکھ بھی لو ، عمران خان نے خیرات میں غبن کیا ، اپنی کرپشن چھپانے کیلئے وہ روز نت نئے ڈرامے کرتے ہیں ، ملک کا ہر غریب آدمی عمران خان کی حکومت کو ہاتھ اٹھا کر بددعائیں دے رہا ہے۔ وہ ضلع بدین کے علاقے راہوکی میں معروف ہاری رہنما کی 32؍ ویں برسی کے موقع پر منعقد جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کراچی سے بائی روڈ بدین کے شہر راہوکی پہنچے جہاں پر انہوں نے شہید فاضل راہو کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، بعد میں وہ پنڈال پہنچے اورجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل راہو کی سوچ، اس کے والد فاضل راہو کی سوچ، شہید ذوالفقار علی کی سوچ، میری سوچ ایک ہے، وفاق کی جنگ عوام کے خلاف ہے، ان کی جنگ 18؍ ویں ترمیم کے خلاف ہے، انہوں نے عمران خان اور ان کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے زمینیں تو ختم ہوگئیں ہیں اب یہ چاہتے ہیں کہ گیس اور تیل بھی لے لیں، اتنا دیوار سے مت لگاؤ کہ عوام ہاتھ سے نکل جائے، پاکستان کی عوام سمجھتی ہے کہ ان کا حق کیا ہے، آپ کیا سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان حادثاتی اور سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے اسے سیکھنا چاہئے سیکھنے میں تو دیر نہیں لگتی مگر وہ سیکھنا ہی نہیں چاہتے وہ نہ عوام کے پاس پہلے کبھی گئے تھے اور نہ ہی آئندہ کبھی جائیں گے، عوام ہمارے ساتھ ہے۔

تازہ ترین