• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ڈرون ‘‘ نے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈرون نے ایوی ایشن سیکٹر کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی، پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی طیارے کو ڈرون کا سامنا۔کراچی سے سکھر جانے والاپی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK 536 نے جمعہ کی شام 5 بجکر 24 منٹ پر سکھر کے لیے اڑان بھری ہی تھی کہ تین منٹ کے بعد ہی اچانک اس کے سامنے ایک ڈرون آگیا ۔ پی آئی اے کے کیپٹن ارتضٰی نے ہوشیاری سے طیارے کو ڈرون سے بچالیا اور ڈرون طیارے سے 50 تا 100 فٹ اوپر سے گزر گیا ۔ ڈرون سے سامنا کرتے وقت طیارہ ائر پورٹ سے 4 ناٹیکل میل کے فاصلے پر اور 4300 فٹ کی بلندی پر تھا ۔ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ، وہ علاقہ سپر ہائی وے پر افغان خیمہ بستی اور بقائی اسپتال کے درمیان کا ہے ۔ کیپٹن ارتضیٰ نے اس کی فوری رپورٹ کنٹرول ٹاور کو دی ۔ کنٹرول ٹاور نے یہ اطلاع علاقہ پولیس کو دی جس کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ تاہم رات گئے تک پولیس کو کوئی کامیابی نہیں ملی تھی ۔
تازہ ترین