• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ قطر، عمران خان کا عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (طارق بٹ) وزیر اعظم عمران خان نے دورہ قطر کے باعث سوئٹزرلینڈ کے قصبے ڈیووس میں 22 جنوری کو ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے میڈیا افتخار دررانی نے دی نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ڈیووس تقریب میں شرکت نہیں کر رہے تاہم ان سے وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ عمران خان کا کوئی بھی اہم وزیر ورلڈ اکنامک فورم جیسے میگا ایونٹ میں شریک نہیں ہوگا۔ یہ اس طرح کا شاذ و نادر ہی کوئی ایونٹ ہوگا جس میں پاکستان کی جانب سے سینئر سطح کی کوئی نمائندگی نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم 21-22 جنوری کو قطر کے دورہ پر جائیں گے۔ اس سے قبل 2015 میں نواز شریف وزیر اعظم کی حیثیت سے پاکستان میں توانائی بحران کے باعث اس اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے تھے لیکن اپنے تینوں ادوار کے دوران انہوں نے ہمیشہ اس اجلاس کو خصوصی توجہ دی جس میں حکومتوں، کاروبار اور سول سوسائٹی کے عالمی رہنماء شریک ہوتے ہیں۔ ماضی میں بے نظیر بھٹو اور شوکت عزیز نے بھی ڈیووس اجلاس پر خصوصی زور دیا اور بہت زیادہ تیاری کے ساتھ شریک ہوتے رہے۔ گزشتہ سال شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعظم کی حیثیت سے ڈیووس میں شرکت کی اور تین روز تک مصروف رہے، عالمی وکاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پیش کیا۔ شاہد خاقان عباسی کے ڈیووس جانے سے پہلے علی جہانگیر صدیقی نے، جو بعد میں واشنگٹن میں پاکستانی سفیر مقرر کئے گئے، ان کے دورے کیلئے جامع کام مکمل کیا۔
تازہ ترین