• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکم عدولی پرہیڈ کانسٹیبل سمیت 4کے وارنٹ گرفتاری ،ایس ایچ او کو شو کاز

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے عدالتی حکم عدولی پر ہیڈ کانسٹیبل سمیت 4 افراد کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 28 جنوری کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ نیو ملتان میں درج مقدمہ سرکار بنام امیر حسین میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر ہیڈ کانسٹیبل شاہد نواز اور 3 پرائیویٹ افراد شوکت علی، لطیف اور ہارون کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، سیشن عدالت نے بوگس چیک دینے کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان سے 21 جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں محمد ایوب نے درخواست دائر کی تھی کہ محمد منہاس نے کاروباری لین دین کے سلسلے میں اس سے8 لاکھ 10 ہزار روپے ادھار لئے اور بدلے میں 2 عدد چیک دیئے جو کہ مقررہ تاریخ پر کیش نہ ہوسکے اور اب رقم بھی واپس ادا نہ کی جارہی ہے، اس تمام معاملہ پر متعلقہ تھانے میں درخواست دی تاہم مقدمہ دائر نہیں کیا جارہا، سیشن کورٹ نے قتل کے مقدمے میں عدالتی حکم عدولی کرنے پر ایس ایچ او تھانہ شاہ شمس کو شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے ، فاضل عدالت نے تھانہ شاہ شمس میں درج مقدمہ سرکار بنام احتشام وغیرہ میں ملزمان کے متعلق پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ شاہ شمس کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جنوری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیاہے ، سیشن کورٹ نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں کرنے کیخلاف درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 25 جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں ملتان کی نگینہ بی بی نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس نے اپنی مرضی و رضا مندی سے غلام عباس سے 11 اکتوبر 2018 کو نکاح کیا تھا جبکہ اس کے والدین اس کی شادی پیسوں کی لالچ میں ضعیف العمر شخص سے کرنا چاہتے تھے، اب والدین علاقہ پولیس کے ہمراہ اسکی جان کے دشمن بن گئے ہیں اور اسے طلاق لینے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں لہٰذا انہیں ایسا کرنے سے باز رہنے کے احکامات دئیے جائیں ، فاضل عدالت نے بجلی چوری کے مقدمے میں ملزم کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکہ پر کنفرم کرکے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے ، عدالت میں ملزم حامد علی نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی کہ پولیس تھانہ کپ نے اس کیخلاف بجلی چوری کامقدمہ درج کیا تھا جس پر پولیس اسے گرفتار کرنے کے در پہ ہے جبکہ وہ بے قصور ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ڈکیتی کے ملزموں کی جانب سے مقدمہ کی پیروی نہ کرنے پر ضامنوں کو 10،10 ہزار جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیا ہے، فاضل عدالت نے تھانہ بستی ملوک میں درج ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزمان عثمان ، راحیل ، وحید کے پیش نہ ہونے پر ان کے ضامنوں عبدالستار ، ادریس ،محمد عاشق اور محمد ایوب علی کو جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم دیاہے۔
تازہ ترین