• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، نواز شریف کی سزا سے متعلق نیب اپیلوں کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں بریت کے خلاف نیب اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سنائی گئی سزا سے متعلق اپیلوں کی سماعت آج ہوگی۔ عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت نے فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو بری جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سنائی گئی سزا کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے اور اپیل کے فیصلے تک سزا معطلی و ضمانت پر رہائی کی متفرق درخواست بھی دائر کی ہے۔ دوسری جانب نیب نے فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بریت کے فیصلہ کے خلاف اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لئے اپیلیں دائر کی ہیں۔ نیب کا موقف ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 14 سال قید کی سزا ملنی چاہئے تھی۔
تازہ ترین